اب ہمارے پاس بھی ایک ریاست ہے: محمود عباس

آخری وقت اشاعت:  اتوار 2 دسمبر 2012 ,‭ 14:33 GMT 19:33 PST
 فلسطینی صدر محمود عباس

محمد عباس نے کہا کہ دنیا کے لوگ، تاریخ اور اللہ ان کے ساتھ ہے

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ میں غیر رکن مبصر ریاست کا درجہ ملنے کے بعد مغربی کنارے میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب میں کہا ہے کہ اب ان کے پاس بھی ایک ملک ہے۔

نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد محمود عباس فلسطین واپس آئے ہیں جہاں ان ایک ہیرو کی طرح شاندار استقبال کیا گيا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی میں ہی ووٹنگ کے بعد فلسطین کو ایک غیر رکن مبصر ریاست کا درجہ ملا ہے۔

رملہ میں ان کی واپسی پر جشن کا ماحول تھا جہاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے اس درجے کو حاصل کرنے کے لیے طویل جد و جہد کرنی پڑی اور انتہائی درجے کا دباؤ برداشت کرنا پڑا لیکن فلسطینی لوگ ثابت قدم رہے اور کامیاب ہوئے۔

فلسطینی عوام اس وقت محمود عباس کی جماعت فتح اور حماس کے درمیان منقسم ہے۔

غزہ کے علاقے پر حماس کا کنٹرول ہے اور رملہ اور مغربی کنارے پر فتح کا غلبہ ہے۔

محمود عباس نے اس موقع پر فلسطینی لوگوں میں مصالحت پیدا کرنے اور دوریاں ختم کرنے پر زور دیا۔

لیکن اسرائیل ان تمام واقعات سے خوش نہیں ہے۔ اقوام متحدہ میں سبکی کے بعد اسرائیل نے مقبوضہ علاقوں میں نئی بستیاں بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اور اب اسرائیل کے وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اس سال فلسطینیوں کے لیے جو ٹیکس وصول کیا گيا ہے وہ اسے واپس نہیں کریں گے۔

فلسطینی ثابت قدم رہے

"فلسطینیوں کے لیے اس درجہ کو حاصل کرنے کے لیے طویل جد و جہد کرنی پڑی اور انتہائی درجہ کا دباؤ برداشت کرنا پڑا لیکن فلسطینی لوگ ثابت قدم رہے اور کامیاب ہوئے"

محمود عباس

اسرائیل کا یہ قدم بھی اقوام متحدہ میں فلسطین کی بڑھی ہوئی حیثیت کے تناظر میں کیا ہے۔

وزیر خزانہ یوول سٹینتز کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی شکل میں وصول کی جانے والی رقم تقریباً بارہ کروڑ ڈالر ہوگی جس کا استعمال فلسطینی انتظامیہ کے قرض کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا۔

فلسطینی انتظامیہ نے اسرائیلی کی بجلی پیدا کرنے والی ایک کمپنی سے قرض لے رکھا ہے۔

جمعہ کو اسرائیل نے مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں تین ہزار نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔

یہ اعلان انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق میں دیے جانے والے ووٹ کے پیش نظر کیا ہے۔

غیر رکن مبصر کی حیثیت حاصل کرنے کے بعد اب فلسطین کو اقوامِ متحدہ کے اداروں میں شمولیت حاصل ہو جائے گی جن میں بین الاقوامی عدالتِ انصاف بھی شامل ہے۔

فلسطینی چاہتے ہیں کہ مغربی کنارے، غزہ اور مشرقی بیت المقدس کے علاقوں کو فلسطینی ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے جن علاقوں پر اسرائیل نے سنہ انیس سو سڑسٹھ میں قبضہ کر لیا تھا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتین یاہو نے کہا تھا کہ ’اقوامِ متحدہ میں ہونے والا فیصلہ، زمینی حقائق نہیں بدلے گا‘۔ ان کا مزید کہنا تھا ’اس سے فلسطینی ریاست کی انتظامیہ ترقی نہیں کرے گی بلکہ یہ معاملات کو مزید تاخیر کا شکار کرے گا‘۔

جبکہ فلسطینی حکام کا موقف تھا کہ اس اقدام کا مقصد امن بات چیت کو ختم کرنا نہیں بلکہ فلسطینی اختیار میں اضافہ کرنا اور اس خطے کی وضاحت کرنا ہے جسے وہ فلسطینی ریاست کے طور پر چاہتے ہیں۔ اس میں وہ علاقہ بھی شامل ہے جو اسرائیلی آبادکاری کے باعث متاثر ہوا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔