
اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلسطین اس ووٹ میں کامیابی حاصل کر لے گا جس کے لیے سادہ اکثریت چاہیے ہو گی۔
فرانس نے تصدیق کی ہے کہ وہ فلسطین کی جانب سے اقوام متحدہ میں غیر رکنی حیثیت کے حصول کی درخواست کی حمایت کرے گا۔
فرانسیسی وزیرخارجہ لوراں فیبیوس نے فرانسیسی پارلیمان کے ایوانِ زیریں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس نے شروع سے ہی فلسطین کے ریاست کے حق کی حمایت کی ہے اور ’جب یہ سوال جمعرات اور جمعے کو اٹھایا جائے گا تو ہم اس کے حق میں ووٹ دیں گے۔‘
فلسطینی انتظامیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے درخواست کر رہی ہے کہ وہ اس کی اقوام متحدہ میں مستقل مبصر کی حیثیت کو غیر رکن مبصر میں بدل دے۔
اس ہفتے کے اواخر میں اس درخواست پر جنرل اسمبلی ووٹ کرے گی جس کی امریکہ اور اسرائیل مخالفت کر رہے ہیں۔
امریکہ اور اسرائیل کا موقف ہے کہ فلسطینی انیس سو ترانوے کے اوسلو کے امن معاہدے کی تحت قائم امن کے عمل کی بجائے مکمل ریاست کی حیثیت اقوام متحدہ کے زریعے حاصل کر نا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ موجودہ فلسطینی انتظامیہ انیس سو ترانوے کے اوسلو امن معاہدے کے بعد قائم کی گئی تھی۔

اس درخواست کی امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے۔
امریکہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے امن مذاکرات میں رکاوٹ پیدا ہو گی جو ایک عرصے سے تعطل کا شکار ہیں۔
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اپنی انتخابی مہم میں یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کریں گے۔
انیس سو بیاسی میں فرانسیسی صدر فرانسوا متراں نے فلسطینی ریاست کے حق کی پالیسی پر بات کی تھی جسے بعد میں آنے والے صدور نے قائم رکھا۔
لیکن فرانسیسی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ یہ ووٹنگ بہت نازک وقت میں ہو رہی ہے جب حال ہی میں حماس اور اسرائیل کے مابین ایک بہت ہی نازک جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا ہے اور صدر اوباما اپنی دوسری مدت کا آغاز کر رہے ہیں، ساتھ ہی ساتھ اسرائیل میں بھی انتخابات متوقع ہیں۔
فرانس یورپ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان میں سے پہلا رکن ملک ہے جس نے کھل کر اپنے ووٹ دینے کی ترجیح کا اعلان کیا ہے۔
جرمن حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطین کی جانب سے اس درخواست کی مخالفت کریں گے۔

محمود عباس اس سے پہلے فلسطین کی جانب سے اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت کی درخواست کی ناکامی دیکھ چکے ہیں۔
آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس درخواست پر غیر جانب دار رہیں گے اور ووٹ دینے سے اجتناب کریں گے۔
اسی طرح برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ابھی اس معاملے پر کسی فیصلے پر نہیں پہنچی ہے۔
اقوام متحدہ میں برطانیہ کے سفیر مارک لائل گرانٹ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کا موقف ہے کہ فلسطین کو اس درخواست کو کچھ عرصہ کے لیے موخر کر دینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت فلسطینی انتظامیہ سے بات چیت کر رہی ہے۔
آسٹریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس درخواست کی حمایت کرے گا اور دعویٰ کیا ہے کہ یورپین یونین کے نصف سے زیادہ اراکین اس تجویز کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ بہت حد تک امکان ہے کہ یہ درخواست ایک سو ترانوے اراکین پر مشتمل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی منظور کر لے گی کیونکہ اسے منظوری کے لیے صرف سادہ اکثریت درکار ہے ۔
فلسطینی کی تنظیم آزادی کے مطابق ایک سو تیس سے زائد ممالک نے فلسطین کو آزاد ریاست کا درجہ دے رکھا ہے۔
اس درخواست کی منظوری کے بعد فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کے اداروں اور ایجنسیوں کی رکنیت میں آسانی پیدا ہو جائے گی۔

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون کو باقائدہ درخواست پیش کر رہے ہیں۔
اس کے بعد اگر فلسطینیوں کو عالمی عدالت انصاف کے معاہدے پر دستخط کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تو فلسطینی اس بات کی امید کرتے ہیں وہ دریائے اردن کے مغربی کنارے پر اسرائیل قبضے کو عالمی عدالتِ انصاف میں چیلنج کر سکیں گے۔
اس سے پہلے فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس فلسطین اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی کوشش میں ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ انہیں سلامتی کونسل میں اس بارے میں حمایت نہیں ملی۔
اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلسطینیوں نے عالمی عدالت انصاف میں جانے کی کوشش کی تو وہ اپنے مفادات کی حفاظت کے لیے یک طرفہ اقدامات کر سکتا ہے۔
دوسری جانب محمود عباس نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل سے معاملات خراب نہیں کرنا چاہتے اور اس سارے مسئلے کا بات چیت کے ذریعے حل نکالنا چاہتے ہیں۔
یہ بات اہم ہے کہ گذشتہ تقریباً دو دہائیوں سے جاری امن مذاکرات میں بہت کم کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے ان میں تعطل پایا جاتا ہے۔






























