مکمل رکنیت، فلسطین کو نئے مسائل کا سامنا

،تصویر کا ذریعہAFP
اقوامِ متحدہ کے ایک سفیر کے مطابق برطانیہ، فرانس اور کولمبیا نے سلامتی کونسل کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت سے متعلق فلسطینی درخواست پر ہونے والی کسی بھی رائے شماری میں حصہ نہیں لیں گے۔
انہوں نے اپنے موقف کا اظہار اقوامِ متحدہ کی ایک کمیٹی کے اجلاس میں کیا جو فلسطین کو اقوامِ متحدہ کی مکمل رکنیت دیے جانے کی درخواست پر رپورٹ مرتب کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
اگرچہ ان تینوں ممالک کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان نہیں آیا لیکن ان کے فیصلے سے فلسطین کو نقصان پہنچ سکتا ہے جو یورپی ممالک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سفیر نے مزید کہا کہ جرمنی نے بھی فلسطین کے حق میں ووٹ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ رائے شماری میں حصہ نہیں لےگا یا فلسطین کی مکمل رکنیت کے خلاف ووٹ دے گا۔
اقوامِ متحدہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے فلسطین کی رکنیت کی درخواست کو ویٹو کرنے کے اعلان کے باوجود فلسطین کو امید ہے کہ اسے اقوامِ متحدہ میں اکثریت کی حمایت حاصل ہو جائے گی۔
برطانوی دفترِ خارجہ سے ملنے والی اطلاع کے مطابق برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ اگلے ہفتے بدھ کو پارلیمان کو اپنے فیصلے کے متعلق آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز پر فلسطین کو مکمل رکنیت دینے کی پاداش میں امریکہ نے اقوامِ متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کی امداد روک دی تھی۔
امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شدید مخالفت کے باوجود یونیسکو میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی درخواست اکثریتِ رائے سے منظور کی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















