امریکی وزارت خارجہ کی بحرین میں امریکی شہریوں کو دوبارہ وارننگ
امریکی وزارت خارجہ نے ایک نئی وارننگ میں دوبارہ بحرین میں موجود امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط اور تیاری‘ کے ساتھ رہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے اتوار کے روز جاری کردہ بیان، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شائع کیا گیا، میں کہا گیا ہے: ’بحرین میں موجود امریکیوں کو ایران کی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات اور خطے میں امریکی حکام اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ایران کی کوششوں کے باعث زیادہ چوکنا رہنا چاہیے۔ مسافروں کو ممکنہ سکیورٹی انتباہات، پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی بندش اور سفر میں رکاوٹوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی اہداف کے خلاف حملے کیے ہیں۔ اسی طرح ایران کے حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کے خلاف حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچے پر حملے شامل ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے اور سفری نظام شدید متاثر ہوا۔‘


