بلوچستان کے ضلع چاغی میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

،تصویر کا ذریعہHaider Aajiz
بلوچستان کے ضلع چاغی میں نا معلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق واقعہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر دالبندین سے جنوب مغرب میں واقع خرگوشکاں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک منانے جا رہا تھا۔
دالبندین میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سات نوجوان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر دو، دو جبکہ ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوان سوار تھے۔
ان کے مطابق خرگوشکاں کے علاقے میں پہنچنے پر تین نوجوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سہیل بنگلزئی، عرفان بنگلزئی اور الطاف نوتیزئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن بلوچ نے تصدیق کی کہ تینوں نوجوانوں کی موت دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے باعث ہوئی۔
ان کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔













