
میسی سنہ دو ہزار نو، دس اور دو ہزار گیارہ میں بھی فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں
ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر لیونل میسی نے سنہ دو ہزار کے فٹبال کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ چھیاسی گول کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
بارسلونا کلب کی جانب سے کھیلنے والے پچیس سالہ میسی نے اتور کو رئیل بیٹس نامی کلب کے خلاف دو گول کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بارسلونا نے رئیل بیٹس کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔
لیونل میسی نے میچ کے سولہویں منٹ میں پہلا گول کر کے جرمن فٹبالر گرڈ مولر کا پچاسی گول کرنے کے ریکارڈ برابر کیا اور پھر پچیسویں منٹ میں دوسرا گول کر کے ایک سال میں سب سے زیادہ چھیاسی گول کرنے کا ریکارڈ بنایا۔
میسی نے ایک کیلنڈر ایئر کے دوران بارسلونا کلب کی جانب سے چوہتر جبکہ ارجنٹائین کی جانب سے بارہ گول کیے۔
واضح رہے کہ جرمنی کے فٹبالرگرڈ مولر نے سنہ انیس سو بہتّر میں ایک کلینڈر ایئر میں پچاسی گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گرڈ مولر نے سنہ انیس سو بہتّر میں ایک کیلنڈر ایئر میں بائرن میونخ نامی کلب کی جانب سے بہتّر جبکہ مغربی جرمنی کی جانب سے تیرہ گول کیے تھے۔
اس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد لیون میسی چوتھی بار ’فیفا کے بہترین کھلاڑی‘ کا ایوارڈ جیتنے کے لیے فیورٹ ہیں۔
لیونل میسی سنہ دو ہزار نو، دس اور دو ہزار گیارہ میں بھی فیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔






























