میسی کے پچاس گول

میسی کا اعزاز
،تصویر کا کیپشنمیسی نے ریئل میدرد کے ہنگیریئن کھلاڑی فرینک پسکاس کا ریکارڈ توڑا ہے
وقت اشاعت

بارسیلونا کے لائیونل میسی اوساسونا کے خلاف گول کرنے کے بعد پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے سپینش سیزن میں پچاس گول کیے ہوں۔

دوسری طرف ریئل میدرد کے گونزالو ہگویئن نے ولینشیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے اپنی ٹیم چھ تین سے فتح دلوا دی ہے۔

میسی نے گزشتہ ہفتے ریئل میدرد کے خلاف گول کر کے ہنگری کے فرینک پسکاس کا 49 گولوں کا ریکارڈ برابر کر دیا تھا۔

ارجنٹینا کے سپر سٹار نے پچاس میں سے 31 گول لا لیگا، نو چیمپیئنز لیگ، سات کوپا ڈیل رے اور تین سپینش سپر کپ کے مقابلوں میں کیے۔

اوساسونا کے خلاف میچ میں پہلا گول سٹرائیکر ڈیوڈ ویا نے کھیل کے چوبیسویں منٹ میں کیا۔ اور اس کے بعد میسی کے گول نے بارسیلونا کی ریئل میدرد کے خلاف لا لیگا مقابلوں میں آٹھ پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی۔

اب بدھ کو چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل مقابلوں کے پہلے مرحلے میں دونوں حریفوں کا مقابلہ برنابیو میں ہو گا۔