میسی سال کے بہترین یورپی فٹ بالر

بارسلونا اور ارجنٹینا کے فٹبال سٹرائیکر لائنل میسی کو یورپین فٹ بالر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔
فرینچ میگزین فرانسں فٹبال کے مطابق میسی نےگزشتہ برس کے فاتح رونالڈو کو دو سو تینتیس پوائنٹس کے مقابلے میں چار سو تہتر پوائنٹس کے واضح فرق سے ہرایا۔
بائیس سالہ میسی نے بارسلونا کلب کے ساتھ گزشتہ برس ٹریبل آف چیمئپین لیگ، دی سپینش چیمپیئن شپ اور سپینش کپ جیتا تھا۔ میسی چیمپیئن لیگ میں نو گول کر کے سر فہرست رہے تھے۔
اس ووٹنگ میں بارسلونا کلب سے تعلق رکھنے والے مڈ فیلڈر ضاوی اور انیاستا ایک سو ستر اور ایک سو انچاس پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔
سٹرائیکر سیموئل جنہوں نے بارسلونا کلب کو سیزن کے اختتام پر چھوڑ کر انٹر میلان کلب میں شمولیت اختیار کی تھی پانچوں نمبر پر رہے۔ برطانیہ کے وین رونی آٹھویں نمبر پر رہے۔
میسی نے فرانس فٹ بال میگزین کو انٹرویو میں کہا ’میں جانتا تھا کہ میں یہ اعزاز جیتنے والوں میں فیورٹ تھا کیونکہ بارسلونا کلب نے سنہ دو ہزار نو کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مجھے اتنے واضح فرق سے جیتنے کی امید نہیں تھی۔ میرے لیے گولڈن بال بہت اہم ہے۔ اس سے پہلے جن کھلاڑیوں نے یہ اعزاز جیتا وہ بھی عظیم کھلاڑی تھے۔‘
میسی نے اپنی جیت کو اپنے خاندان سےمنسوب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’میرے خاندان نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور مجھے جب بھی اس کی ضرورت تھی وہ وہاں موجود تھا۔‘
چار سال قبل فٹ بال کے عظیم کھلاڑی میراڈونا نے بارسلونا کلب کا مینجر بننے کے بعد میسی کے بارے میں کہا تھا کہ ’میسی بہت جلد قومی ہیرو کا درجہ حاصل کر لےگا‘۔















