’آئینی ویٹو‘ کا سوال اور مخالفت میں اُٹھتی آوازیں: کیا پاکستان میں ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بن سکتے ہیں؟

Pakistan Voting
    • مصنف, اسد صہیب
    • عہدہ, بی بی سی اُردو، اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 9 منٹ

’ریفرنڈم نے تو ہونا ہے، ایک جماعت کی مخالفت سے نئے صوبوں کا معاملہ نہیں رکے گا، نہ ہی ایک جماعت کی خواہش سے صوبے قائم ہوں گے۔‘

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی میڈیا میں مسلسل یہ مؤقف دہرا رہے ہیں کہ ’حکومت نئے صوبوں کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔‘

پاکستان میں کئی روز سے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث زور پکڑتی جا رہی ہے، تاہم چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جارحانہ تقریر اور سندھ کی تقسیم کی صورت میں ’کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے‘ جیسے بیانات نے اس معاملے میں بحث کو ایک نیا رُخ دے دیا ہے۔

حکومت نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی بات کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں اور بعض آئینی ماہرین سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے بنانا آئینی طور پر ممکن بھی ہے یا نہیں۔

بلاول بھٹو کے بیان کے بعد وفاقی وزرا بھی اب کھل کر اس معاملے پر اظہارِ خیال کر رہے ہیں اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھی واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق معاملہ ’زیادہ طویل نہیں چلے گا اور نئے سال کے آغاز میں اس معاملے میں کوئی قابلِ قبول شکل سامنے آ جائے گی۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کی قوم پرست جماعتیں سندھ کی تقسیم کی کھل کر مخالفت کر رہی ہیں اور اس کی مخالفت میں سندھ اسمبلی ایک قرارداد بھی منظور کر چکی ہے۔

وزیرِ مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک کہتے ہیں کہ وفاقی آئینی عدالت بھی ریفرنڈم کے بعد اس معاملے پر اپنی تشریح کر سکتی ہے۔

پاکستان میں نئے صوبوں کی بحث محسن نقوی نے چھیڑی تھی اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے دعویٰ کیا تھا کہ مختلف سرویز (رائے عامہ کے جائزوں) سے معلوم ہوا ہے کہ عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، ’اس لیے اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔‘

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں تو وہ اس فیصلے کو مکمل طور پر قبول کریں گے، تاہم اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں رائے دیں تو پھر ان کے قیام کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔

پاکستان کے آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کیا ہے؟ کیا ریفرنڈم کے بعد ملک میں نئے صوبے لازمی طور پر بن جائیں گے؟ آئینِ پاکستان نئے صوبوں کے حوالے سے کیا کہتا ہے اور صوبائی اسمبلی کے پاس کیا اختیارات ہیں؟ اس حوالے سے بی بی سی نے آئینی اور پارلیمانی اُمور کے ماہرین سے بات کی ہے۔

Pakistan provinces
،تصویر کا کیپشنپاکستان پیپلز پارٹی پاکستان میں نئے صوبوں کی کھل کر مخالفت کر رہی ہے

ریفرنڈم ہوتا کیسے ہے؟

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے صرف عوام کی رائے حاصل کی جاتی ہے اور اس پر آئینی طور پر عملدرآمد کرنا لازم نہیں ہے۔ لیکن بعض ماہرین قانون کہتے ہیں کہ ریفرنڈم میں اگر عوام کی اکثریت کسی معاملے کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کرے تو اخلاقی طور پر اس پر عمل درآمد ضروری ہے۔

سابق اٹارنی جنرل بیرسٹر اشتر اوصاف کہتے ہیں کہ ریفرنڈم کا طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 48 کی شق چھ میں درج ہے۔

بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے اشتر اوصاف کا کہنا تھا کہ ’وزیرِ اعظم اگر ضروری سمجھیں کہ کسی اہم قومی معاملے پر عوام کی رائے لینا مقصود ہے تو وہ کابینہ کی مشاورت سے ایک سوال پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے سامنے رکھیں گے۔‘

’اگر پارلیمان سادہ اکثریت سے یہ توثیق کر دے تو ریفرنڈم ہو گا اور نہ کی تو نہیں ہو گا۔‘

اشتر اوصاف کہتے ہیں کہ دُنیا کے مختلف ممالک میں ریفرنڈم کروانے کی روایت موجود ہے اور یہ اُس صورت میں ہوتا ہے جب ملکی آئین میں کسی معاملے پر خاموش ہو۔

’پاکستان میں ریفرنڈم فوجی حکومتوں کے دوران ہوئے، پہلا ریفرنڈم 1960 میں ایوب خان کے دور میں، دوسرا ضیا دور میں 1984 میں جبکہ تیسرا جنرل مشرف کے دور میں سنہ 2002 میں ہوا تھا۔‘

’یہ صرف ایک عوامی رائے ہے، ووٹ کی طاقت نہیں ہے جس کا شمار ہوتا ہے اور جس کی بنیاد پر کسی کا انتخاب ہوتا ہے، لہذا ریفرنڈم کی ایک اخلاقی اتھارٹی ہے اور اس کی کوئی لیگل اتھارٹی نہیں ہے۔‘

Pakistan
،تصویر کا کیپشن 30 اپریل 2002 کے ریفرنڈم میں عوام سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ جنرل پرویز مشرف کو اگلے پانچ سال کے لیے صدر کے عہدے پر برقرار رکھنے اور منتخب کرنے کی حمایت کرتے ہیں

اگر ریفرنڈم میں لوگوں نے ’ہاں‘ کہا تو صوبے بن جائیں گے؟

بیرسٹر اشتر اوصاف کہتے ہیں کہ اگر ریفرنڈم میں لوگوں کی اکثریت نے صوبوں کی حمایت میں اپنی رائے کا اظہار کیا تو اُس صورت میں یہ لازم نہیں ہو گا کہ نئے صوبے بن جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس صورت میں بھی آئین میں دیے گئے طریقہ کار کی طرف واپس جانا ہو گا، جو یہ کہتا ہے کہ اس کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت چاہیے۔

’اور پھر جس صوبے کو تقسیم کیا جانا ہے، پھر بھی اُس اسمبلی کے پاس ویٹو کا اختیار ہو گا اگر وہ دو تہائی اکثریت سے منظوری دے گی تو ہی نئے صوبے کا قیام ممکن ہو سکے گا۔‘

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور سینئر قانون دار پیر مسعود چشتی اشتر اوصاف سے اتفاق نہیں کرتے۔

بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے آرٹیکل ہے، تو آئین کے آرٹیکل 48 کی شق چھ کسی بھی اہم قومی معاملے پر ریفرنڈم سے متعلق ہے۔

اُن کے بقول اگر عوام کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ نئے صوبے بننے چاہییں تو پھر حکومت پر یہ لازم ہو جاتا ہے کہ وہ اس پر عمل کرے۔

صوبائی اسمبلی کی ’ویٹو پاور‘ سے متعلق اشتر اوصاف کی دلیل پر پیر مسعود چشتی کہتے ہیں کہ جب ریفرنڈم میں عوام کی رائے آ جائے تو پھر صوبائی اسمبلی کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں رہتا کہ وہ مخالفت کرے۔

’سندھ اسمبلی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ نئے صوبوں کی مخالف ہے تو اسی لیے تو حکومت ریفرنڈم کی طرف جا رہی ہے، تاکہ عوام کی رائے آ سکے۔‘

سینئر قانون دان عابد ساقی یہ سوال اُٹھاتے ہیں کہ پنجاب ابادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے تو کیا ریفرنڈم میں اکثریت کی بنیاد پر وہاں کے عوام کی رائے باقی صوبوں پر مسلط کرنا درست ہو گا؟

وہ کہتے ہیں کہ جب تک آئین کے آرٹیکل 239 کی شق چار موجود ہے، اُس وقت تک پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا کوئی اور طریقہ کار نہیں ہے۔

’اس آرٹیکل کو بائی پاس کر کے ریفرنڈم کیسے ہو سکتا ہے؟‘

وفاقی آئینی عدالت کا کیا کردار ہو سکتا ہے؟

پیر مسعود چشتی کہتے ہیں کہ وفاقی آئینی عدالت کا کام آئین کی تشریح کرنا ہے اور اگر ریفرنڈم کے معاملے پر اس سے رُجوع کیا جاتا ہے تو پھر اُن کی جانب سے کسی فیصلے کو بنیاد بنا کر حکومت نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

بیرسٹر اشتر اوصاف کہتے ہیں کہ یہ ایک سیاسی سوال ہے کہ نئے صوبے بننے ہیں یا نہیں، یہ عدالت نے طے نہیں کرنا اور آئین کے تحت یہ کام منتخب نمائندوں کا ہی ہے۔

’آئینی عدالت یہ نہیں کہہ سکتی کہ چونکہ 95 فیصد لوگوں نے کہہ دیا ہے کہ نئے صوبے بننے چاہییں تو اب آپ آئین کو تبدیل کر دیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اس معاملے میں کوئی پروسیجرل غلطی ہے تو وہ اس پر کوئی فیصلہ دے سکتی ہے۔‘

اُن کے بقول پارلیمان دو تہائی اکثریت سے آرٹیکل 239 کی اس شق کو ختم کر سکتی ہے۔

’آئین کو تبدیل کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت سے کچھ بھی کیا جا سکتا ہے، پارلیمان تو یہ بھی کہہ سکتی ہے کہ اب صوبے ہوں گے ہی نہیں۔‘

Pakistan

کیا پارلیمان صوبائی اسمبلی کے آئینی ویٹو کو ختم کر سکتی ہے؟

ایڈووکیٹ عابد ساقی کہتے ہیں کہ موجودہ آئین میں صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے صوبائی اسمبلی کی رضامندی سب سے بنیادی جزو ہے۔

اُن کے بقول اگر کسی صوبے کی جغرافیائی ہیئت تبدیل کرنی ہے تو پھر اُس صوبے کے منتخب نمائندوں کی دو تہائی اکثریت سے توثیق لازمی ہے۔

اُن کے بقول ’پارلیمان صرف اسی صورت میں صوبائی اسمبلی کے اس اختیار کو ختم کر سکتی ہے کہ وہ آرٹیکل 239 میں تبدیلیاں کرے اور صوبائی اسمبلی کا یہ اختیار ختم کر دے۔ لیکن ایسا کرنا آئین کی منشا کے خلاف ہو گا۔‘

اشتر اوصاف کہتے ہیں کہ ’صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت اگر نئے صوبوں کے خلاف ووٹ دے تو یہ حتمی ہو گا اور پھر پارلیمان تو کیا کوئی عدالت بھی اس میں مداخلت نہیں کر سکتی اور یہ آئین میں واضح ہے۔‘

آئینِ پاکستان نئے صوبوں کے حوالے سے کیا کہتا ہے؟

پاکستان میں نئے صوبے بنانے کے لیے طریقۂ کار کی رہنمائی آئین پاکستان کے آرٹیکل 239 کی شق چار سے ملتی ہے۔

اس شق میں دیے گئے طریقۂ کار کے مطابق جس صوبے کو تقسیم کر کے نئے صوبے بنائے جانے ہوں، اگر اس متعلقہ صوبے کی اسمبلی کے اراکین کی کل تعداد کی دو تہائی اکثریت صوبے کی حدود میں رد و بدل کے حق میں ووٹ ڈالے گی، تو ہی پارلیمان آئینی ترمیمی بل منظور کر کے صدرِ مملکت کو پیش کر سکتی ہے۔

آئین کی شق 239 کی ذیلی شق چار میں درج ہے: 'آئین میں ترمیم کرنے والا کوئی ایسا بل، جس کے نتیجے میں کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی واقع ہوتی ہو، صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے اُس وقت تک پیش نہیں کیا جائے گا جب تک اسے متعلقہ صوبے کی اسمبلی اپنے کل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظور نہ کر دے۔'

چونکہ صوبے کی حدود کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے اور آئینی ترمیم کے لیے اراکین اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کا ہونا ضروری ہے، تو اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ صرف صوبائی اسمبلی ہی نہیں، بلکہ قومی اسمبلی اراکین کی بھی دو تہائی اکثریت ووٹ دے تو ہی کسی صوبے کو مزید تقسیم کر کے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنائے جا سکتے ہیں۔

Pakistan

قومی اسمبلی اور چاروں اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن کیا ہے؟

قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے پاس 131 نشستیں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ارکان کی تعداد 74 جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ 75 ارکانِ اسمبلی ہیں، قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق انھیں آزاد اپوزیشن کے ارکان لکھا گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کی نشستوں کی تعداد 22، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 10 ارکان ہیں۔

قومی اسمبلی کے 336 رُکنی ایوان میں دو تہائی اکثریت کے لیے 224 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ اس کے لیے حکمران جماعت کو پاکستان پیپلز پارٹی یا پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایت کے علاوہ دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں کے ووٹ بھی درکار ہوں گے۔

اگر بات کی جائے پنجاب اسمبلی کی تو وہاں کی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق حکمراں جماعت کے ارکان کی تعداد 235 ہے اور یہاں اسے دو تہائی اکثریت یعنی 248 ارکان کی حمایت حاصل کرنے کا زیادہ بڑا چیلنج درپیش نہیں ہو گا۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف کا پلڑا بھاری ہے اور وہاں نئے صوبے کے قیام یا اس کی مخالفت کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنا دونوں جماعتوں کے لیے زیادہ مشکل نہیں ہو گا۔

بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے 18، 18 ارکان ہیں اور اگر وہاں کسی صوبے کی حمایت یا مخالفت میں قرارداد منظور ہونی ہے تو اس کے لیے پیپلز پارٹی کا کردار اہم ہو گا۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔