کویت کی مسجد پر حملے کے الزام میں تین سعودی بھائی گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
کویت میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر خودکش حملے میں معاونت کے الزام میں تین سعودی بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے تینوں بھائیوں کی حراست کی تصدیق کی ہے۔
کویت میں نماز جمعہ کے دوران مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں کم سے کم 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد میں خودکش حملہ سعودی شہریوں نے کیا۔
اے ایف پی کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے سعودی سرکاری ایجنسی کو بتایا کہ حراست میں لیے گئے تینوں بھائی کویت کی امام الصادق مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث رہے ہیں۔ تینوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین سعودی بھائیوں میں سے ایک کویت میں گرفتار ہوا ہے، جسے بعد میں سعودی عرب منتقل کیا جائے گا جبکہ دوسرے بھائی کو طائف سے گرفتار کیا گیا۔
تیسرا بھائی کویت اور سعودی عرب کے سرحدی علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ان کا چوتھا بھائی شام میں دولت اسلامیہ کے ساتھ لڑ رہا ہے۔
اس سے قبل کویت کے حکام کا کہنا ہے کہ مسجد پر خودکش حملہ سعودی شہری نے کیا ہے اور کویت کی وزرات داخلہ نے خودکش حملہ آور کی شناخت سلیمان عبدالمحسن القعبہ کے نام سے کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق ایک شخص کو کویت کی سرحد کے قریبی علاقے خفیجی سے اُس وقت حراست میں لیا گیا جب اُس نے سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی اُن پر فائرنگ شروع کر دی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہnone
حراست میں لیے گئے دوسرے شخص کو سعودی عرب کے شہر طائف سے گرفتار کیا گیا۔گذشتہ ہفتے سعودی پولیس کا کہنا تھا کہ طائف کے ایک علاقے میں ایک چھاپے کے دوران پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے اور بڑی تعداد میں دولتِ اسلامیہ کے جھنڈے ملے ہیں۔
’ان دو سعودی بھائیوں کی پیدائش کویت میں ہوئی اور اُن کا چھوتھا بھائی شام میں دولتِ اسلامیہ کے ساتھ لڑائی میں شامل ہے۔‘
سعودی وزرات داخلہ کا کہنا ہے کہ کویت میں دھماکے سے مبینہ طور پر وابستہ ہونے پر تقریباً 40 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل رواں سال مئی میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک تنظیم نے سعودی عرب میں ایک شیعہ مسجد پر بم حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔



















