جنوبی کوریا میں مرس ’پھیلانے‘ پر ہسپتال کی معافی

سام سنگ میڈیکل سینٹر
،تصویر کا کیپشنسام سنگ میڈیکل سینٹر کے صدر نے ہسپتال میں درست انتظام نہ ہونے کی وجہ سے معافی مانگی ہے
وقت اشاعت

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک ہسپتال نے اس اطلاع کے بعد کہ وہ ملک میں مڈل ایسٹ ریسپریٹري سنڈروم (مرس) بیماری کے آدھے سے زیادہ کیسز کی وجہ ہے اپنی زیادہ تر سروسز معطل کر دی ہیں۔

سام سنگ میڈیکل سینٹر کے صدر نے اتوار کو عوام سے معافی مانگی۔

طبی اہلکاروں نے سات نئے مریضوں کی شناخت کی ہے جس کے بعد جنوبی کوریا میں مرس کے 145 مریض ہو گئے ہیں۔ ابھی تک اس وائرس سے 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دریں اثنا سلواکیا میں بھی ایک جنوبی کوریائی شخص میں مرس کے وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ وہ شخص جنوبی کوریائی کمپنی کیا کے لیے کام کرنے والی ایک ذیلی کمپنی کا ملازم تھا۔

سام سنگ میڈیکل سینٹر کے صدر سونگ جائی ہون نے رپورٹروں کو بتایا کہ ہسپتال نئے مریضوں کو داخل نہیں کر رہا اور نہ ہی آؤٹ پیشنٹس میں مریضوں کا علاج کر رہا ہے۔ ہسپتال کے مطابق وہ ایسا اس لیے کر رہا ہے تاکہ یہ انفیکشن مریضوں اور طبی عملے میں مزید نہ پھیل جائے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی مریضوں کو ملنے نہیں آ سکتا اور کوئی بھی غیر ضروری سرجری نہیں کی جا رہی۔

سلواکیا میں بھی ایک جنوبی کوریائی شخص کو مرس کا انفیکشن ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنسلواکیا میں بھی ایک جنوبی کوریائی شخص کو مرس کا انفیکشن ہوا ہے

’کیونکہ سام سنگ میڈیکل سینٹر نے مرس پھیلانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے اس لیے ہم بہت زیادہ تشویش پھیلانے کی وجہ سے معافی مانگتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ سب ہماری ذمہ داری اور ناکامی ہے کیونکہ ہم نے ایمرجنسی روم سٹاف کا درست طریقے سے انتظام نہیں کیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ سروسز پر پابندی پر نظرِ ثانی 24 جون کو کریں گے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق 70 سے زیادہ کیسز کا تعلق ہسپتال سے ملتا ہے۔

یہ مشرقِ وسطیٰ سے باہر کسی ملک میں ’مرس‘ کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

جنوبی کوریا میں مرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے شہری خوف کا شکار ہیں۔

مرس یا ’مڈل ایسٹ ریسپیریٹری سنڈروم‘ مشرق وسطی کے تنفس کے مسائل کا مخفف ہے یعنی یہ مرض اس علاقے سے مخصوص ہے۔

اس بیماری کے سب سے زیادہ مریض سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں سامنے آئے ہیں۔

دنیا بھر میں مرس کے اب تک 1167 کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے 479 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایشیا میں اس سے پہلے مرس سے موت کا سب سے پہلا معاملہ ملائیشیا میں سامنے آیا تھا جہاں سعودی عرب سے واپس آنے والا ایک شخص اپریل میں انتقال کر گیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس انفیکشن کی زد میں آنے والے مریضوں میں سے 27 فیصد ہلاک ہو جاتے ہیں۔