بے گناہ اذیت کا نشانہ بنے، کوئی مسئلہ نہیں: ڈک چینی

ڈک چینی
،تصویر کا کیپشنڈک چینی کہتے ہیں کہ امریکہ کی سلامتی کے لیے ایسا کرنا ضروری تھا
وقت اشاعت

امریکہ کے سابق نائب صدر ڈک چینی نے امریکہ کے تفتیش کرنے کے پروگرام پر کسی ندامت کا اظہار نہیں کیا ہے۔ گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد یہ پروگرام ان کی معاونت سے بنایا گیا تھا۔ انھوں نے اس بات پر کسی افسوس کا اظہار نہیں کیا کہ اس عمل میں کئی معصوم افراد بھی نشانہ بنے ہوں گے۔

ڈک چینی نے گزشتہ ہفتے فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ القاعدہ کے مشتبہ جنگجوؤں سے کی جانے والی تفتیش کے متعلق حال ہی میں سینیٹ کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ ’بکواس ہے‘ اور بنیادی طور پر پروگرام جائز تھا۔

جن ناقدین کا خیال تھا کہ سابق نائب صدر سے پروگرام میں بہت چبھتے ہوئےسوال پوچھے جائیں گے انھیں تو مایوسی نہیں ہوئی ہو گی لیکن سابق صدر اپنے عامال کا دفاع کرتے رہے۔ انھوں نے کہا کہ صدر بش کی پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ 13 سال تک محفوظ رہا۔ وہ بار بار گیارہ ستمبر دہشت کا حوالہ دے کر اپنے عامال کا دفاع کرتے رہے۔

اذیت کا مطلب بیان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ان کے لیے اذیت یہ ہے کہ نیو یارک میں ٹریڈ سینٹر کے بالائی حصے میں کوئی امریکی شہری زندہ جلنے سے پہلےاپنی چار بیٹیوں سے فون پر آخری مرتبہ بات کرتا ہے۔‘

کیا انھیں سینیٹ رپورٹ میں بیان کیے گئے قیدیوں سے تفتیش کے طریقے ’انوولنٹری ریکٹل فیڈنگ‘ سے کوئی مسئلہ ہے؟

’یہاں جو کیا گیا وہ صاف ظاہر ہے کہ منظور شدہ طریقوں میں سے نہیں تھا۔ میرا خیال ہے کہ وہ طبی وجوہات کی بنا پر کیا گیا تھا۔‘

بش اور چینی
،تصویر کا کیپشنصدر بش کی پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ 13 سال تک محفوظ رہا

کیا انھیں اس بات پر تشویش تھی کہ پکڑے جانے والے تقریباً 25 فیصد لوگ بے گناہ تھے اور انھیں غلط شناخت کی وجہ سے پکڑا گیا۔ اور ان میں سے ایک شخص گل رحمان ٹھنڈے پانی میں تر کیے جانے اور دیوار کے ساتھ زنجیروں میں جکڑے رہنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا تھا۔

’مجھے ان لوگوں کے ساتھ مسئلہ تھا جن کو ہم نے چھوڑا اور واپس میدانِ جنگ میں چلے گئے۔ مجھے چند بے گناہ لوگوں سے زیادہ ان برے لوگوں کے متعلق تشویش ہے جو رہا ہو گئے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر یہ کافی نہیں ہے تو جب تک ہم اپنا مقصد حاصل کر رہے ہیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اور ہمارا مقصد ہے کہ جن لوگوں نے 9/11 کیا ان کو پکڑا جائے اور امریکہ پر مزید حملوں کو روکا جائے۔‘

ڈک چینی کے بیان کی آزاد حلقوں نے بہت مذمت کی ہے۔

ایم ایس این بی سی کے سٹیون بینن لکھتے ہیں کہ ’چینی کو اتنے واضح المیے پر کوئی ندامت نہیں، کوئی سوچ نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی اعتراف۔‘

انھوں نے کہا کہ چینی کو کسی قسم کے بھی حربے استعمال کرنے پر اعتراض نھیں تھا تاوقتکہ حتمی مقصد حاصل ہو۔

انھوں نے کہا کہ ریپبلیکن پارٹی کے کے زیادہ تر اراکین نہ صرف چینی سے متفق ہیں بلکہ حزب اقتدار جی او پی کے پالیسی سازوں نے چینی کو کیپیٹل ہل پر مدعو کیا ہے کہ وہ قومی سلامتی کے امور پر ریپبلیکن قانون سازوں کی رہنمائی کریں۔

سالون جریدے کی ہیدر ڈگبی پارٹن لکھتی ہیں کہ ’مسٹر چینی کے نقطۂ نظر سے حیران نہیں ہونا چاہیے۔ ’یہ سب نائب صدر کی ایک دہائی پہلے بنائی گئی ایک فصید پالیسی کا حصہ ہے۔‘

’ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ایک فیصد امکان بھی ہو کہ ہم پر حملہ ہو سکتا ہے تو اسے روکنے کے لیے ہمیں، بشمول اذیت جو کچھ بھی کرنا پڑے کرنا ہو گا۔‘

بلاگر اینڈریو سلیون لکھتے ہیں کہ ڈک چینی کے تفتیش کے پروگرام سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں ایک اور حملے کو روکنے کی خواہش سے زیادہ غصے اور بدلے موجود تھا۔

انھوں نے کہا کہ اس اذیت کو مشتبہ دہشت گردوں کے لیے اتنا سفاکانہ بنایا گیا جتنا کہ 9/11 کے 19 دہشت گرد امریکیوں کے لیے تھے۔ ’ادلے کا بدلہ۔ ان کی اذیت کے بدلے میں ہماری اذیت، ان کے معصوم متاثرین ہمارے معصوم متاثرین کے بدلے میں۔ یہ وہ پروگرام تھا جس کی مہذب دنیا میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘