برما:مسلم بودھ جھڑپوں میں سو ہلاکتیں

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 26 اکتوبر 2012 ,‭ 08:52 GMT 13:52 PST
 برما

رات کے وقت جاری رہنے والے کرفیو کے باوجود بدھ کی رات بھی تشدد کے واقعات ہوئے

برما میں حکام کا کہنا ہے کہ ریاست رخائن میں مسلم روہنگیا آبادی اور مقامی بودھوں کے مابین اتوار سے شروع ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک سو تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مغربی علاقوں میں نسلی فسادات میں ہلاکتوں میں اضافہ حکومت کی جانب سے اصلاحات کے عمل کے لیے نقصان دہ ہے۔

رخائن میں ایک عرصے سے بدھ مت کے پیروکاروں اور روہنگیا مسلمانوں کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ایک دوسرے تشدد شروع کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے دفتر سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں اشتعال انگیز تقاریر، دھمکیوں اور ہدف بنا کر حملوں کا سلسلہ فوری طور پر رک جانا چاہیے۔

بیان کے مطابق اگر ایسا نہ ہوا تو برما کی حکومت کی جانب سے ملک میں اصلاحات کی کوششیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔

رخائن کی ریاست میں تشدد کی واقعات اس سال جون سے شروع ہوئے اور درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا گیا۔ حالیہ ہلاکتیں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پہلا سنگین واقعہ ہیں۔

اگرچہ ابھی واضح نہیں ہے کہ تازہ جھڑپیں کس وجہ سے ہوئی ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق جھڑپوں کی ابتدا ء رتھا تان ٹاؤن شپ سے ہوئی اور جھڑپوں کا سلسلہ کیایک ٹاون شپ تک پھیل گیا جہاں سکیورٹی پولیس نے فائرنگ بھی کی۔

جمعہ کو برمی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد سو سے زائد بتائی ہے جبکہ رخائن صوبے کے سرکاری ترجمان ون مياگ نے جمعرات کو بی بی سی برمی سروس سے بات کرتے ہوئے چھپن افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

ان پرتشدد واقعات میں ایک ہزار گھر بھی جلا دیے گئے ہیں۔ من بيا اور مراك او نامی قصبوں میں پولیس کو تعینات کرنے کی بعد کرفیو بھی لگا دیا گیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہا جاتا ہے کہ تشدد کی ابتدا گزشتہ مئی میں ایک بودھ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے سے ہوئی جس میں مبینہ طور پر تین مسلمان نوجوان ملوث تھے۔

اس واقعے کے بعد شروع ہونے والا تشدد کئی ہفتے تک جاری رہا۔ جون کے مہینے میں ان جھڑپوں نے پوری رخائن ریاست کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں 90 افراد ہلاک ہوئے۔

اس تشدد کے دوران بدھ اور مسلمانوں کہ ہزاروں گھر جلائے گئے اور پورے برما سے ہزارہا لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔

انھی حالات کی وجہ سے اس سال برما بھر کے مسلمانوں نے عید الاضحٰی یعنی قربانی کی عید نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رخائن میں بدھ مت اور مسلمانوں کا طویل عرصے سے اختلاف رہا ہے۔ اس ریاست میں رہنے والے زیادہ تر مسلمانوں میں روہنگيا کہلاتے ہیں اور برمی حکومت روہنگيا لوگوں کو غیر قانونی طور پر نقل مکانی کر کے آنے والے قرار دیتی ہے۔

اگست میں حکومت نے بدھووں اور مسلمانوں کے درمیان تشدد کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن قائم کیا تھا۔برمی حکومت اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قیادت میں تحقیقات قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔