’مسلمانوں کے قتل عام میں برما کی فوج خاموش تماشائی‘

وقت اشاعت

انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ برما میں روہینگیا مسلمان قبائل اور بدھ مت کے پیروکاروں کے درمیان فسادات میں سرکاری فوج اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور اس دوران مسلمانوں کا قتل عام ہوا اور بڑے پیمانے پر مسلم خواتین کی آبروریزی کی گئی۔

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق برما میں حکومتی اہلکاروں نےجون میں اقلتیی مسلمانوں کے خلاف تشدد کی مہم چلائی جس کے نتیجے میں برما میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے۔

بننکاک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فل رابرٹسن نے بتایا کہ ابھی بھی برما کی حکومت رکھائین کے علاقے میں مسلمانوں کو ہراساں کررہی ہے۔

چھپن صفحات پر مشتمل اس رپورٹ کو جاری کرنے کا مقصد دنیا کی توجہ برما میں اقلیتی مسلمانوں کے خلاف جاری ریاستی تشدد کی جانب مبذول کروانا ہے۔ فل رابرٹسن کا کہنا ہے کہ برما کی حکومت نےامدادی کارکنوں اور صحافیوں کومتاثرہ علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دی۔

حکومتی اعدادوشمار کے مطابق اب تک برما کے مغربی علاقے میں تشدد کے واقعات میں اٹھہتر افراد مارے جاچکے ہیں۔ تاہم ہیومن رائٹس واچ نے حکومتی اعداد و شمار کو مسترد کر دیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

فل رابرٹسن کا کہنا تھا کہ جو بات مسلسل سامنے آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ حکومت ابھی تک پر تشدد واقعات کو روکنے میں ناکام رہی اور یہی وجہ تھی کہ دونوں اطراف کے لوگوں نے اپنے دفاع کے لیے مسلح ہونا شروع کر دیا ہے۔ حکومت کے اندارزے کے مطابق اٹھہتر افراد پرتشدد واقعات میں ہلاک ہوئے جب ہم نے شواہد پر نظرڈالی تو ہمیں یہ معلوم ہوا کہ یہ اندازہ اصل ہلاکتوں کے مقابلے میں بہت کم ہے ہماری صرف چار شہادتوں کی مجموعی تعداد نوے تھی۔

رپورٹ برما اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ستاون افراد کے انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ جن کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے فسادات کے اقلیتی مسلمانوں کے تحفظ میں بالکل ناکام رہی۔

اقوام متحدہ نے ان واقعات کی تحقیقات کے لیے اپنا ایلچی برما روانہ کر دیا ہے۔ فل رابرٹسن نے مطالبہ کیا کہ برما اقوام متحدہ کے ایلچی کو تحقیقات کے لیے مکمل رسائی اور معلومات کے حصول کے لیے سہولتیں فراہم کرے۔

برما کے علاقے رکھائین میں فرقہ وارانہ فسادات مئی میں ایک بدھ مت کی پیروکار خاتون کے قتل کے بعد شروع ہوئے جس کے بعد مسلمانوں کی ایک بس کو آگ لگا دی گئی۔ فسادات کے دوران کئی مکان تباہ ہوئے اور ہزاروں افراد بے گھر۔ بدھ مت کے پیروکاروں کا کہنا ہے کہ فسادات کا آغاز مسلمانوں نے کیا۔ جبکہ برما کے صدر کے مطابق اس فرقہ وارنہ مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ یا تو مسلمانوں کو ملک بدر کیا جائے یا مہاجر کیمپوں میں منتقل کر دیا جائے۔

یہ دو ہفتوں کے دوران برما سے متعلق انسانی حقوق کے اداروں کی دوسری رپورٹ ہے۔ اس سے پہلے ایمنسٹی انٹرنیشنل بھی اس حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کرچکا ہے۔ برما کی حکومت کے ترجمان نے رپورٹ کو بے بنیاد اور تعصب پر مبنی قرار دیا تھا۔