عراق: مختلف بم دھماکوں میں سترہ افراد ہلاک

عام لوگوں میں اس بات کا خدشہ ہے کہ کہیں دھماکوں کا یہ سلسلہ فرقہ وارانہ فسادات شروع نہ کر دے
،تصویر کا کیپشنعام لوگوں میں اس بات کا خدشہ ہے کہ کہیں دھماکوں کا یہ سلسلہ فرقہ وارانہ فسادات شروع نہ کر دے
وقت اشاعت

حکام کے مطابق اتوار کو عراقی دارالحکومت کے بغداد کے جنوبی قصبوں میں بم دھماکوں کے ایک سلسلے میں سترہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

مدائن کے قصبے میں ایک بازار میں دو بم دھماکے ہوئے جہاں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

ادھر محمودیہ کے قصبے میں تین دھماکے ہوئے جن میں سے ایک مقامی ہسپتال پر راکٹ حملہ تھا۔

اس سے پہلے شعیہ مسلک کے مسلمانوں کے لیے اہم شہر نجف میں ایک گاڑی کی مدد سے بم دھماکہ کیا گیا جس میں تئیس افراد ہلاک ہوگئے۔

ادھر شمالی شہر موصل میں ایک اور دھماکے میں ایک پولیس سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔

مدائن اور محمودیہ بم دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ ماہِ صیام کے سلسلے میں روزہ افطار کرنے کو تھے۔

محمودیہ میں ہونے والے راکٹ حملے میں ہسپتال پر تعینات ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ دیگر دو بم دھماکوں میں دس افراد ہلاک ہوئے جن میں سے ایک میں امدادی کارروائی کے لیے پہنچنے والے پولیس عملے کو نشانہ بنایا گیا۔

محمودیہ کے رہائشی علی کمال نے خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ لوگوں میں اس بات کا خدشہ ہے کہ ان حملوں کی وجہ سے ایک بار پھر کہیں فرقہ وارانہ فسادات نہ شروع ہو جائیں۔

بغداد سے بی بی سی کے رامی روہایم کا کہنا تھا کہ نجف میں ہونے والا بم دھماکہ زیادہ حیران کن ہے کیونکہ گزشتہ کئی برسوں میں اس شہر کو محفوظ سمجھا جاتا رہا ہے اور یہاں سرمایہ کاری اور مذہبی سیاحت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ عراق میں ہونے والے بم دھماکوں کے ایک سلسلے میں چواسی افراد ہلاک ہوگئے تھے جو کہ پچھلے سال امریکی فوج کے انخلاء کے بعد بدترین حملوں کا سلسلہ تھا۔

گزشتہ چند ماہ میں عراق میں سیاسی کشیدگی کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔