آگ لگنے کا خطرہ، پانچ لاکھ گاڑیوں کی واپسی

شیورالے کروز
،تصویر کا کیپشنشیورلیٹ کروزجنرل موٹرز کے مقبول ترین ماڈلوں میں شامل ہے
وقت اشاعت

کار بنانے والی امریکی کمپنی جنرل موٹرز نے آگ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے تقریباً پانچ لاکھ گاڑیاں واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنرل موٹرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مقبول ماڈل شیورلیٹ کروز میں کچھ تبدیلیاں کرنا چاہتی ہے جس سے انجن میں آگ لگنے کا خطرہ کم ہو سکے۔

جنرل موٹرز کی جانب سے اس ماڈل کی واپسی کے اعلان سے امریکہ، کینڈا اور اسرائیل میں فروخت ہونے والی چار لاکھ پچھہتر ہزار چار سو اٹھارہ گاڑیاں متاثر ہوں گی۔

یہ کاریں لارڈزٹاؤن اور اوہایو میں ستمبر سنہ دو ہزار دس اور مئی سنہ دو ہزار بارہ کے دوران تیار کی گئی تھیں۔

جنرل موٹرز کے مطابق جولائی کے وسط میں شیورلیٹ کروز کار مالکان کو کار واپس کرنے کے حوالے سے نوٹس بھیجے جائیں گے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹے میں شیورلیٹ ڈیلر کار کے انجن میں موجود خرابی کو دور کر دے گا۔

جنرل موٹرز کے ترجمان نے کہا کہ اسی ماڈل کی دوسری کاریں جو جنرل موٹرز کے دوسرے پلانٹس میں تیار کی گئی ہیں ان کے انجن میں یہ خرابی نہیں ہے۔