’بشار الاسد کا اقتدار آخری مراحل میں ہے‘

عبد الباسط سیدا (تصویر میں بائیں جانب) شامی قومی کونسل کے نئے سربراہ میتخب ہو گئے ہیں۔
،تصویر کا کیپشنعبد الباسط سیدا (تصویر میں بائیں جانب) شامی قومی کونسل کے نئے سربراہ میتخب ہو گئے ہیں۔
وقت اشاعت

شام میں حزب مخالف کی تنظیم شامی قومی کونسل یا ’سریئن نیشنل کونسل‘ کے نئے سربراہ عبد الباسط سیدا کا کہنا ہے کہ شام کے صدر بشارالاسد کا اقتدار آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتی ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا قتلِ عام اور گولہ باری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

اس سے پہلے شام کی’سریئن نیشنل کونسل‘ یا شامی قومی کونسل نے عبد الباسط سیدا کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا تھا۔

گزشتہ سال ستمبر میں بننے والی اس تنظیم کا عہدہ ابھی تک برہان غالیون کے پاس تھا۔ عبد الباسط سیدا سوئیڈن میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

پیرس میں مقیم برہان غالیون نے اپنی قیادت پر شدید تنقید کے بعد گزشتہ ماہ یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

ان پر خاص طور پر شام کے اندر کارکنوں سے روابط نہ استوار کرنے کے الزامات تھے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ چھپپن سالہ عبد الباسط سیدا کردوں اور شام میں دوسری اقلیتوں کو کونسل کا حصہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کونسل کی تشکیلِ نو اور اصلاح کرنا چاہتے ہیں۔ شامی قومی کونسل میں آغاز سے ہی دھڑا بندی اور غیر موثر ہونے کی شکایات ہیں۔

کونسل پر یہ بھی الزام ہے کہ تمام حکومت مخالف گروہوں کی سر پرستی والی اس تنظیم میں مذہبی عناصر کا غلبہ ہے اور یہ تنظیم دوسرے مکاتبِ فکر کو کونسل میں شامل کرنے کی کوشش نہیں کرتی۔

عبد الباسط سیدا کے پاس ایک ماہ کا وقت ہے کہ وہ کونسل کا ایک اور اجلاس بلائیں جہاں کونسل کے تقریباً تین سو ممبران شامی قومی کونسل کے ڈھانچے میں تبدیلیوں پر اتفاق کر سکیں گے۔

استنبول سے بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن ہیڈ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ اس نئے اجلاس میں اصلاحات کے ساتھ ہی کونسل ایک اور نیا سربراہ بھی منتخب کر لے۔