بان کی مون کا برما کی پارلیمان سے تاریخی خطاب

،تصویر کا ذریعہReuters
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے برما کے صدر اور حزبِ اختلاف کی رہنماء آنگ سان سوچی سے کہا ہے کہ وہ تبدیلی لانے کے لیے مل کر کام کریں۔
بان کی مون نے برما کی پارلیمان سے اپنے تاریخی خطاب میں کہا کہ تبدیلی کے اس راستے پر واپسی تقریباً ناممکن ہے۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کے حوصلے اور دانشمندی کو سراہا۔
بان کی مون نے برما کے صدر تھین سین سے ملاقات کی اور اب وہ حزبِ اختلاف کی رہنماء آنگ سان سوچی سے بھی ملاقات کریں گے۔
آنگ سان سوچی کی جماعت نے ضمنی انتخابات میں تینتالیس نشستوں پر فتح حاصل کرنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ پارلیمان میں حلف کے متن پر اختلافات کے باعث جماعت کے اراکین حلف نہیں اٹھائیں گے۔ تاہم بعد میں اختلافات طے کرلیے گئے اور آنگ سان سوچی نے حلف اٹھانے پر رضامندی ظاہر کردی۔
بان کی مون نے پارلیمان میں اپنے خطاب کے دوران کہا برما ترقی اور مفاہمت کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکتا ہے تاہم اسے پورے عزم اور مشترکہ قیادت سے ان چیلنجوں پر قابو پانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ برما اس وقت ایک نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور یہ تبدیلی کا یہ راستہ دشوار بھی ہے تاہم اب اس میں واپسی کا امکان انتہائی معدوم ہے۔
انہوں نے برما میں سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ پائیدار تبدیلی لانے کے لیے اپنے اختلافات سے بالاتر ہوکر قوم کے بہتر مفاد میں سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں۔















