عراق: حدیثہ میں چھبیس پولیس اہلکار ہلاک

پولیس نے حملوں کا ذمہ دار القاعدہ کو ٹھہرایا ہے
،تصویر کا کیپشنپولیس نے حملوں کا ذمہ دار القاعدہ کو ٹھہرایا ہے
وقت اشاعت

عراق کے شہر حدیثہ میں حکام کے مطابق پولیس کی چیک پوسٹوں پر مسلح افراد کے حملوں میں کم از کم چھبیس پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق عراق کے مغربی شہر حدیثہ میں پیر کی صبح درجنوں مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا۔

حدیثہ پولیس کے ترجمان میجر طارق سید ہردان کے مطابق حملہ آور سکیورٹی فورسز کے یونیفام میں ملبوس تھے اور ان کے پاس گرفتاری کے جعلی وارنٹ تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق کئی چیک پوسٹوں پر حملے کے نتیجے میں ایک کرنل اور ایک کپتان سیمت چھبیس پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا ’القاعدہ ان حملوں کی ذمہ دار ہے اور القاعدہ کا لٹریچر حملہ آوروں کی ایک گاڑی سے ملا ہے۔‘

صوبائی گورنر کے ایک ترجمان محمد فتحی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے کرنل اور کپتان کے مکان میں داخل ہونے والے مسلح افراد کے پاس ان کی گرفتاری کے جعلی وارنٹ تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بعد میں ان دونوں افسران کی لاشیں ان کے مکانات کے نزدیک سے مل گئیں۔

ایک مقامی لیفٹیننٹ کے مطابق حملہ آور کے پاس وزارتِ داخلہ کے زیر استعمال گاڑیوں جیسی تیرہ کے قریب گاڑیاں تھیں اور ان میں سوار مسلح افراد شہر میں قافلے کی صورت میں گھومتے ہوئے پولیس کی مختلف چیک پوسٹوں پر فائرنگ کر رہے تھے۔

ان پولیس افسران کی لاشیں بعد میں ملی گئیں۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جن چیک پوسٹوں پر حملے کیے گئے ہیں ان میں سے ایک پر القاعدہ کا پرچم لہرایا گیا۔

گزشتہ سال مارچ کے بعد شہر میں یہ سب سے پرتشدد واقعہ ہے۔ مارچ میں ایک بینک پر خودکش حملے میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حدیثہ صوبہ انبار کا شہر ہے اور یہ سنی عسکریت پسندوں کا ایک مضبوط گڑھ تھا۔

سال دو ہزار چھ میں سنی قبائلی رہنماؤں کے امریکی فوج سے اتحاد کے بعد سے علاقے میں پرتشدد واقعات میں کمی ہوئی ہے۔