عراق: تین بم دھماکوں میں انیس افراد ہلاک

قریبی دکانیں تو تباہ ہوگئیں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی: عینی شاہد
،تصویر کا کیپشنقریبی دکانیں تو تباہ ہوگئیں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی: عینی شاہد
وقت اشاعت

عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکوں میں کم از کم انیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس اور طبی حکام کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں پینسٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکے شہر کے مرکزی بازار میں ہوئے۔

پہلے دو دھماکوں میں سے ایک سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جبکہ دوسرا موٹر سائیکل میں نصب تھا اور یہ دونوں دھماکے ایک ساتھ ہوئے۔

تاہم تیسرا دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس اور فوجی اہلکار واقعہ کے مقام پر پہنچے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیسرے دھماکے میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

دھماکے کے مقام کے قریب واقع ایک دکان کے مالک نوفل حسن نے بتایا ’بازار تباہی کا منظر پیش کررہا ہے۔‘

انہوں نے کہا ’میں فوراً ہی اپنی دکان سے باہر نکل آیا اور دیکھا کہ خون ہی خون ہے۔ قریبی دکانیں تو تباہ ہوگئیں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔‘

بصرہ کے ایک سکیورٹی اہلکار علی المالکی کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد پولیس یا فوجی اہلکار ہیں جن میں کئی اعلٰی اہلکار بھی ہیں۔

یہ اب تک معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ان دھماکوں کے پیچھے کون ہے۔

بصر میں اکثریت شعیہ مسئلک کے افراد کی ہے۔

دو نومبر کے بعد بصرہ میں یہ حملہ سب سے زیادہ جان لیوا تصور کیا جارہا ہے۔ دو نومبر کو ہونے والے الگ الگ واقعات میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بصرہ میں جمعہ کو چار روزہ تیل اور گیس کی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہورہا ہے۔

عراق میں تشدد کے واقعات میں سنہ دو ہزار چھ اور سات سے کمی آئی ہے تاہم شہریوں پر حملے اب بھی معمول ہیں۔

عام طور سے یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد عراق میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

عراق سے امریکی فوج اس سال کے آخر تک چلی جائے گی۔