عراق میں ہلاکت: ’برطانوی فوج ذمہ دار‘

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنموسیٰ کو ترانوے زخم آئے تھے۔
وقت اشاعت

ایک سال تک جاری رہنے والی تفتیش کے بعد ثابت ہوا ہے کہ ایک عراقی شخص برطانوی فوجیوں کے ہاتھوں تشدد کے بعد ہلاک ہوا۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق برطانوی فوجیوں نے نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

انکوائری کے چیئرمین سر ولیم گیگ نے عراق میں تفتیش کے ممنوعہ طریقے استعمال کیے جانے پر وزراتِ دفاع کو موردِ الزام ٹھہرایا۔

باہا موسٰی نامی عراقی باشندہ دو ہزار تین میں بصرہ میں برطانوی فوج کی حراست میں ہلاک ہوا تھا۔ اس کے جسم پر ترانوے زخم آئے تھے۔

برطانیہ کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ایسے واقعات آئندہ نہیں ہونے چاہئیں۔

دارالعوام میں دیئے گئے ایک بیان میں وزیرِ دفاع لیئم فوکس نے کہا ’فوج کو کئی انتظامی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن خاص حالات میں زندگیاں بچانے کے لیے مخصوص زبانی اور ایسے حربے جن میں جسم کا تعلق نہ ہو، استعمال کیے جاتے رہیں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ میں دی گئی تہتر تجاویز میں سے یہ واحد ہے جس پر وہ عمل نہیں کر سکتے۔ تاہم اس کا اطلاق صرف اسی صورت میں کیا جائے گا جب لوگوں اور حالات کے بارے میں مکمل معلومات ہوں گی۔

لیئم فوکس نے مزید کہا کہ ’جو کچھ باہا موسٰی اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ ستمبر سنہ دو ہزار تین میں ہوا وہ ناقابلِ فراموش، حیران کن اور شرمناک ہے۔‘

’ہماری فوج میں قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کے لیے کوئی جگہ نہیں۔‘

برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر پیٹر وال نے کہا کہ ’کسی بھی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی شرمناک صورتحال فوجیوں کی اچھی ساکھ پر ایک سیاہ سایہ بن جاتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب ان کی فوج غیردوستانہ اور پریشان کن چلینجز کا سامنا کر رہی تھی لیکن نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور بد اخلاقی کے لیے کوئی جواز نہیں ہوتا۔‘

موسیٰ کو نو دیگر عراقیوں کے ہمراہ بصرہ کے ایک ہوٹل سے چودہ سمتبر دو ہزار تین کو گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں برطانوی فوج کے کوئینز لنکا شائر ریجمنٹ کی پہلی بٹالیئن کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔

انکوائری کے چیئرمین سر ولیم گیگ کے مطابق متعدد فوجی اہلکاروں نے موسٰی اور اس کے ساتھیوں پر تشدد کیا اور کئی فوجی جن میں افسران بھی شامل تھے اس صورتحال سے آگاہ تھے۔

انہوں نے بٹالین میں اخلاقی قدروں کی کمی پر مذمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ہلاکت فوج کی ساکھ پر دھبہ ہے اور اس نے بلاشبہ عراق میں تعینات اس بٹالین اور برطانوی فوج کے دیگر یونٹس کی اچھی کارکردگی کا نقصان پہنچایا۔‘