جاپان کی رپورٹ غیر ذمہ دارانہ ہے: چین

چین کا اصرار ہے کہ اس کی عسکری صلاحیت پرامن مقاصد کےلیے ہے
،تصویر کا کیپشنچین کا اصرار ہے کہ اس کی عسکری صلاحیت پرامن مقاصد کےلیے ہے
وقت اشاعت

چین نے جاپان کی وزارتِ دفاع کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دے دیا ہے۔

جاپان کی وزارتِ دفاع نے اس رپورٹ میں چین کی بڑھتی ہوئی بحری طاقت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

منگل کو شائع ہونے والی سالانہ رپورٹ پر چین کی وزارتِ خارجہ نے ’شدید مایوسی‘ کا اظہار کیا اور بیان میں اس بات پر زور دیا کہ چین کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ صرف دفاع کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔

چین کے اس اعلان سے ٹوکیو سے جکارتہ اور کینبرا سے لے کر واشنگٹن تک میں تشویش پائی جانے لگی ہے لیکن چین کا اصرار ہے کہ اس کی عسکری صلاحیت میں اضافہ صرف پرامن مقاصد کے لیے کیا جا رہا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ’جاپان کی وزارتِ دفاع نے اپنی سالانہ رپورٹ میں اس کے قومی دفاع کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ تنقید کی ہے۔‘

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجوشو نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی عسکری اور دفاعی صلاحیت میں اضافے کا مقصد کسی بھی دوسرے ملک کو ٹارگٹ کرنا نہیں بلکہ اپنی خودمختاری اور سکیورٹی کی حفاظت کرنا ہے۔

ماجوشو نے چین کے اس موقف کو دہرایا کہ چین تمام متازعہ امور کو دو طرفہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا ’میں امید کرتا ہوں کہ جاپان اپنے ماضی کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی پالیسی پر غور کرے اور اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ اعتماد بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرے۔‘