بی بی سی کے صحافی پھر ہڑتال پر

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
برطانیہ میں بی بی سی میں کام کرنے والے صحافی، کارپوریشن میں ملازمین کی چھانٹی کے خلاف دو ہفتوں کے دوران دوسری مرتبہ ایک روزہ ہڑتال کر رہے ہیں۔
اس سے قبل پندرہ جولائی کو بھی بی بی سی کے صحافیوں نے چوبیس گھنٹے کی ہڑتال کی تھی۔
صحافیوں کی تنظیم نیشنل یونین آف جرنلسٹس ( این یو جے) کے ارکان نے گزشتہ ماہ ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا تھا کیونکہ یونین کے خیال میں اس فیصلے سے بی بی سی ورلڈ سروس میں کام کرنے والے متعدد صحافیوں کو لازمی چھانٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہڑتال منگل کو برطانوی وقت کے مطابق رات بارہ بجے شروع ہوئی ہے اور بدھ کی رات بارہ بجے تک جاری رہے گی۔
این یو جے کا کہنا ہے کہ بی بی سی ان افراد کے لیے قابلِ قبول حل تلاش کرنے پر تیار نہیں جنہیں یا تو نوکری سے فارغ کیا جا رہا ہے یا انہیں لازمی چھانٹی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب بی بی سی کا کہنا ہے کہ وہ یہ مطالبہ نہیں مان سکتی کہ کوئی لازمی چھانٹی نہ کی جائے۔
بی بی سی کے ترجمان کے مطابق ملازمین کی یہ چھانٹی گزشتہ سال حکومت کی جانب سے کارپوریشن کو دی جانے والی گرانٹ میں کمی کی وجہ سے کی جاری ہے۔















