افغانستان: پہلے چھ ماہ میں 1462 عام افراد ہلاک

ہلاک ہونے والے عام افراد میں سے اسی فیصد طالبان سمیت دیگر حکومت مخالف قوتوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔
،تصویر کا کیپشنہلاک ہونے والے عام افراد میں سے اسی فیصد طالبان سمیت دیگر حکومت مخالف قوتوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔
وقت اشاعت

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ افغان جنگ کے دس برسوں کے دوران سال دو ہزار گیارہ کے پہلے چھ ماہ عام شہریوں کے لیے سب سے زیادہ خونی ثابت ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس برس جنوری سے جون تک چودہ سو باسٹھ عام افراد ہلاک ہوئے جو گزشتہ برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران ہلاکتوں کے مقابلے میں پندرہ فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق عام افراد کی زیادہ تر ہلاکتیں سڑک کے کنارے نصب بموں اور طالبان کے حملوں میں ہوئیں۔

دوسری جانب شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مجموعی طور پر نو فیصد کمی ہوئی ہے لیکن ان کارروئیوں میں نیٹو فورسز کے فضائی حملوں میں عام لوگوں کی ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے۔

یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب آئندہ چند روز میں نیٹو افواج کچھ صوبوں کا انتظام افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے والی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی اس سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار گیارہ کے پہلے چھ ماہ میں تشدد اور کشت و خون میں جس قدر اضافہ دیکھا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

ہلاک ہونے والے عام افراد میں سے اسی فیصد طالبان سمیت دیگر حکومت مخالف قوتوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔

سڑک کے کنارے نصب بم ان ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بنے۔ اس کے علااوہ خودکش حملوں کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں تریپن فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں کی حملوں میں اضافے کی ایک وجہ یہ ہے کہ وہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ افغان سکیورٹی فورسز اس قابل نہیں ہیں کہ وہ اپنے طور پر سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال سکیں۔

دو ہزار گیارہ کے پہلے چھ ماہ میں جو عام لوگ ہلاک ہوئے ان میں سے چودہ فیصد افغان حکومت کی فورسز اور غیر ملکی افواج کے حملوں میں ہلاک ہوئے۔ ان چودہ فیصد میں سے زیادہ تر ہلاکتیں نیٹو کے فضائی حملوں کے نتیجے میں ہوئیں جن کی تعداد اناسی ہے اور ان میں سے آدھی سے زائد ہلاکتیں اپاچی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے کیے جانے والے حملوں سے ہوئیں۔

اس کے علاوہ امریکی افواج کے رات میں کیے جانے والے حملوں میں دو فیصد عام افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

افغان صدر ان حملوں کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں کہ ان سے شدت پسندوں کے لیے ہمدردی میں اضافہ ہوتا ہے۔ رپورٹ میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے خلاف عوام کے غصے میں اضافہ ہوا ہے اور ان حملوں کے بعد اکثر پر تشدد مظاہرے ہوتے ہیں۔