سائبرحملوں میں ملوث گروپ کا خاتمہ

منصوبے کے تحت پچاس روزہ سفر کا اختتام ہوگیا ہے: للز سکیورٹی گروپ
،تصویر کا کیپشنمنصوبے کے تحت پچاس روزہ سفر کا اختتام ہوگیا ہے: للز سکیورٹی گروپ
وقت اشاعت

ہیکرز کے گروپ للز سکیورٹی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو موقوف کر رہا ہے۔

یہ گروپ گزشتہ دو ماہ کے دوران کئی جانی مانی ویب سائٹس پر سائبر حملے کرنے میں ملوث رہا ہے۔ تاہم اس گروپ نے اپنے آپ کو موقوف کرنے کی وجہ بیان نہیں کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے ’منصوبے کے تحت پچاس روزہ سفر کا اختتام ہوگیا ہے۔‘

اس گروپ نے جن ویب سائٹس پر سائبر حملے کیے ان میں سونی، ننٹینڈو براڈکاسٹر فاکس اور پی بی ایس، امریکی سی آئی اے، اور امریکی سینیٹ کی ویب سائٹس شامل ہیں۔

اس گروپ نے ایری زونا پولیس کےمحکمے اور یو ایس ٹیلی کام کمپنی اے ٹی اینڈ ٹی کی ویب سائٹس پر حملے کے بعد وہاں سے حاصل کی گئی حساس معلومات بھی شائع کردی تھیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ للزسکیورٹی کی جانب سے گروپ کے خاتمے کا اعلان ظاہر کرتا ہے کہ پولیس کی جانب سے حالیہ تفتیش اور ایک برطانوی شہری کی گرفتاری کے بعد اب گروپ میں شامل اراکین گھبرا چکے ہیں۔ برطانوی شہری کو اس گروپ سے روابط کے شبہہ میں گرفتار کیاگیا ہے۔

اس گروپ کی شناخت اب تک معلوم نہیں کی جاسکی ہے لہذٰا یہ بھی ممکن نہیں ہے کہ اس بیان کی تصدیق کے لیے اس کے کسی رکن سے رابطہ کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے ’ہمارا چھ ارکان کا گروپ آپ کے لیے سنہ دو ہزار گیارہ کی نیک خواہشات کی تمنا کرتا ہے، اور ان ہی آخری خواہشات کے ساتھ اب وقت ہے الوداع کہنے کا۔‘

تاہم للز سکیورٹی نے اپنے حمایتیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔ ’ہمیں امید ہے اور ہم خواہش کرتے ہیں بلکہ التجا کرتے ہیں کہ یہ تحریک ہمارے بغیر بھی جاری رہے گی اور انقلاب برپا کرے گی۔‘

اس گروپ نے ایک بار بی بی سی نیوز نائٹ پروگرام میں کہا تھا کہ وہ ایسے اعلٰی افراد کو نشانہ بنانا چاہتا ہے جو قوانین بناتے ہیں اور پھر ان کو خود ہی پامال کرتے ہیں۔

آن لائن سوال جواب کے دوران ایک ہیکر جنہوں نے اپنے آپ کو گروپ کا کپتان ظاہر کیا تھا، بتایا کہ پہلے تو گروپ نے ہنسی مذاق کے لیے ہیکنگ شروع کی تاہم بعد میں یہ اخلاقی ہیکنگ سیاسی رنگ میں ڈھل گئی۔

جمعہ کو امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے ساتھ ایک انٹرویو میں للز سکیورٹی کے ایک رکن نے کہا کہ اس کے پاس حکومتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا پانچ گیگابائٹ کا ڈیٹا موجود ہے اور ان کا ارادہ ہے کہ یہ ڈیٹا اگلے تین ہفتے کے دوران شائع کردیا جائے۔

انیس سالہ ریان کلیری کو للز سکیورٹی گروپ کے خلاف سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس اور ایف بی آئی کی مشترکہ تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر ہیکنگ کے قوانین کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔