نائجیریا میں دھماکہ متعدد ہلاک

وقت اشاعت

نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں ایک خود کش حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خود کش بمبار نے بارود سے بھر ہوئی ایک گاڑی پولیس ہیڈکواٹر کے کار پارک میں دھماکے سے اُڑا دی جس سے کار پارک میں کھڑی تیس گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

عالمی فلاحی ادارے کے ایک کارکن نے رائٹرز کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ اس دھماکے میں شدت پسند گروپ بوکو حرام سے تعلق رکھنے والے افراد ملوث ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں شدت پسندوں گروپ نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے۔

لاگوس میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار جان فشہر کا کہنا ہے کہ نائجیریا کے دارلحکومت میں شدت پسند گروپ کی طرف سے حملہ نائجیریا کی حکومت اور سکیورٹی فورسز کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے نیشنل ایمرجنسی مینجمٹ ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ ایک مبینہ خود کش بمبار اس حملے میں ہلاک ہو گیا ہے اور بہت سی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

ابوجا کے شہریوں کا کہنا تھا کہ دھماکے کی آواز شہر کے طول و عرض میں سنی گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے کہا کہ دھماکے سے دروازے اور کھڑکیاں لرز اٹھیں اور دھماکے کی جگہ سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس نے دو دھماکوں کی آواز سنی اور تیس لاشیں اور چالیس تباہ شدہ گاڑیاں دیکھیں۔