سپین: زلزلے سے دس افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سپین میں حکام کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے مورسیا کے شہر لورسا کے نزدیک آنے والے زلزلے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو تھی اور زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ زلزلے میں کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم ہسپانوی میڈیا کے مطابق ان کی تعداد درجنوں میں ہے۔
علاقے میں اب بھی آفٹر شاکس آ رہے ہیں جس کی وجہ سے حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
زلزلے کی وجہ سے بڑی تعداد میں افراد نےگھروں اور دفاتر سے نکل کر پارکوں اور کھلی جگہوں پر پناہ لے رکھی ہے اور شام ڈھلنے کے بعد بھی لوگ گھروں کو واپس جانے سے خوفزدہ ہیں۔
زلزلے کی وجہ سے پرانی عمارتوں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
اس زلزلے سے دو گھنٹے پہلے بھی چار اعشاریہ چار شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
ایک ڈاکٹر نے ای پس کے آن لائن ایڈیشن کو بتایا کہ وہ اور ان کی ساتھی نےگلیوں میں جا کر زلزلے سے زیادہ زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد دی جب کہ بہت سارے لوگ ہوش میں نہیں تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹر نے کہا کہ ’ایمبولینس ان تک نہیں پہنچ سکی ہیں کیونکہ وہاں تک پہچنے میں چالیس منٹ درکار تھے۔‘
سپین کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے فوج کے ہنگامی یونٹس کو فوری طور پر علاقے میں بھیج دیا ہے۔
مورسیا کی حکومت کے ایک مندوب نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ’ لورسیا کا مرکزی حصہ مکمل طور پر زلزلے سے شدید متاثر ہوا ہے۔‘
دارالحکومت میڈرڈ میں بی بی سی کی نامہ نگار سارا رینزفورڈ کا کہنا ہے کہ حالیہ زلزلہ سپین کی پچاس سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ خطرناک تھا۔
سپین میں ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں زلزلے آتے ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر کی شدت انتہائی کم ہوتی ہے۔



















