دستاویزات کی اشاعت بدقسمتی ہے

امریکہ نے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اخبار نیویارک ٹائمز اور گارڈین نے ان دستاویزات کو شائع کرنے کا فیصلہ کیا جنہیں وکی لیکس نے غیر قانونی طریقے سے حاصل کیا تھا۔
یہ خفیہ دستاویزات خلیج گوانتانامو میں قائم امریکی حراستی مرکز کے قیدیوں کے بارے میں ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے بیان میں جو امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ان خبروں کی اشاعت کی مذمت کی گئی ہے لیکن خبروں کی سچائی یا ان کے غلط ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔

،تصویر کا ذریعہOther
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دستاویزات سے متعلق کوئی معلومات وکی لیکس کو نہیں دی گئیں لہذا غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی یہ دستاویزات کسی بھی قیدی کے بارے میں موجود رائے کی ترجمانی نہیں کرتیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی موجودہ اور سابق انتظامیہ نے گوانتانامو سے قیدیوں کی منتقلی کے بارے میں انتہائی احتیاط سے کام لیا ہے۔ گزشتہ انتظامیہ نے پانچ سو سینتیس جبکہ موجودہ انتظامیہ نے سڑسٹھ قیدیوں کو منتقل کیا ہے۔ دونوں حکومتوں نے اس سارے عمل میں امریکی عوام کی حفاظت کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ ہمیں تشویش ہے کہ ان دستاویزات کے افشا ہونے سے ہماری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا تا کہ امریکہ اور دوسرے ممالک کو لاحق خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے اور بالآخر گوانتانامو کے حراستی مرکز کو بند کیا جا سکے۔















