اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے
شام کی حکومت نے گزشتہ چار دہائیوں سے ملک میں نافذ ہنگامی صورتِ حال کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ البتہ شام کے صدر بشارالاسد کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔
شام کی سٹیٹ سکیورٹی کورٹ کو بھی جو سیاسی اسیروں کے مقدمات کی سماعت کرتی ہے، ختم کر دیا گیا ہے جبکہ پُر امن احتجاج کی اجازت کے لیے ایک نیا قانون منظور کر لیا گیا ہے۔
شام میں جاری مظاہروں کے شرکاء کا ایک بڑا مطالبہ ہنگامی حالت کے نفاذ کو ختم کرنا تھا۔
اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا جو صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

بیس ہزار کے قریب مظاہرین نے حمص شہر کے وسط میں اہم سکوائر پر قبضہ کر لیا تھا
بیس ہزار کے قریب مظاہرین نے حمص شہر کے وسط میں اہم سکوائر پر قبضہ کر لیا تھا۔ مظاہرین حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ مظاہرین ہلاک بھی ہوئے ہیں لیکن ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
مظاہرے میں شریک ایک شخص نے بتایا کہ آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہوئے ہیں۔
مظاہرے میں شامل ایک خاتون نے بی بی سی کو فون پر بتایا تھا کہ پیر کو رات گئے تک مظاہرین کی تعداد میں کمی نہیں آئی۔
اس سے قبل اتوار کے روز جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے جنازے نکالے گئے۔ اس دوران مظاہرین نے شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف نعرے لگائے۔
حمص شہر میں آٹھ افراد کی ہلاکت اس وقت ہوئی جب مظاہرین پر فوج نے فائرنگ کر دی۔ یہ مظاہرین ایک قبائلی رہنما کی حراست میں ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا
حمص کے وسط میں سکوائر میں موجود مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ سکوائر پر اس وقت تک موجود رہیں گے جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر ایمرجنسی ہٹائی جائے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
مظاہرین نے سکوائر کے اطراف میں چیک پوسٹیں قائم کی ہیں جہاں سکوائر میں داخل ہونے والوں کی تلاشی لی جاتی ہے یتاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص اسلحہ لے کر سکوائر میں داخل نہ ہو۔
رضا کار مظاہرین کو کھانا اور پانی مہیا کر رہے تھے۔
سکوائر میں موجود ایک شخص نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ’سکوائر میں بیس ہزار سے زائد افراد مظاہرہ کر رہے ہیں اور ہم نے اس سکوائر کا نام التحریر سکوائر رکھا ہے۔‘
دوسری جانب سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی حمص میں اتوار کو ہوئے واقعے کو نشر کیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق فوج کے بریگیڈیئر جنرل اور ان کی دو بیٹوں اور ایک بھانجے پر حمص میں مسلح حملہ آوروں نے حملہ کیا اور ہلاک کردیا اور ہلاک کرنے کے بعد ان کے جسم کے تیز دھار آلے سے ٹکڑے کر دیے گئے۔
BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔