شام میں مظاہرین کا پولیس سے تصادم

وقت اشاعت

شام میں سکیورٹی فورسز نے ان دسیوں ہزار مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل پھینکے جو دارالحکومت دمشق کے مرکز کی طرف مارچ کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں نے شام کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔ ان مظاہروں میں دو سو کے قریب افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

صدر بشر الاسد کی طرف سے نئی حکومت کی تشکیل اور کچھ زیرِ حراست مظاہرین کی سزا معاف کرنے جیسے اقدامات کے باوجود مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈیرہ، لتاکیہ، بنی یاس اور قمشلی سمیت شام کے دیگر شہروں میں بھی ہزاروں افراد نے مظاہروں میں حصہ لیا ہے۔ ان میں سے اکثر شہروں سے پہلے ہی تشدد کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

سرکاری میڈیا پر یہ خبر نشر ہوئی ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں ’چھوٹے چھوٹے مظاہرے‘ ہوئے ہیں اور یہ کہ سکیورٹی فورسز نے ان میں کسی بھی طرح کی مداخلت نہیں کی۔

اطلاعات کے مطابق دمشق کے مضافات میں بھی بہت بڑا مظاہرہ ہوا ہے جسے گزشتہ ایک ماہ سے جاری افراتفری کا نقطہِ عروج بھی کہا جارہا ہے کیونکہ اب سے دارالحکومت ایسے مظاہروں سے محفوظ رہا تھا۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز ہونے والے مظاہرے پندرہ مارچ کو ڈیرہ سے شروع ہونے والے احتجاج میں سب سے بڑے مظاہرے تھے۔

احتجاج کے اس سلسلے کو صدر بشر الاسد کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے سن دو ہزار میں اپنے والد حافظ الاسد کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔

مظاہرین کئی دہائیوں سے نافذ العمل سکیورٹی کے قانون کے خاتمے سمیت مزید شہری آزادیاں چاہتے ہیں۔ اس قانون کے تحت عوامی مقامات پر پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے روٹ کے ساتھ لگائے گئے صدر بشر الاسد کے پوسٹر پھاڑ دیئے اور ان کو اقتدار کے الگ کرنے کا مطالبہ کیا۔

اقوامِ متحدہ اور کئی مغربی طاقتوں نے مظاہروں کو کچلنے کے لیے طاقت کے استعمال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے شام کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے اجتناب کرے۔

برلن میں ٹینو اجلاس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ شام کی حکومت اپنے شہریوں کے جائز مطالبات ماننے میں ناکام رہی ہے۔

’اب وقت آ گیا ہے کہ شام کی حکومت اپنے شہریوں پر تشدد کا سلسلہ بند کرے اور ان کی خواہشات کا احترام کرنا شروع کر دے۔‘

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی نتظیموں کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے رہنماؤں، بلاگروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت ملک بھر سے سینکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

صدر بشرالاسد اصلاح پسندوں کے بجائے مسلح گروہوں کو گزشتہ چند ہفتوں سے جاری تشدد کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران احتجاج کو کچلنے میں شام کی مدد کر رہا ہے۔ ایران اور شام دونوں نے ہی اس الزام کی تردید کی ہے۔