میکسیکو میں امریکی سفیر مستعفیٰ

،تصویر کا ذریعہReuters (audio)
میکسیکو میں امریکی سفیر کارلوس پاسکوال نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کارلوس پاسکوال نے اپنا استعفیٰ وکی لیکس کی جانب سے ان دستاویزات کے منظر عام پر آنے کے بعد دیا ہے جن کے مطابق انہوں نے منشیات کے گروپوں سے نمٹنے کے لیے میکسیکو کی فوج کی صلاحیت پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
یہ معاملہ اس وقت متنازع ہو گیا تھا جب گزشتہ ماہ میکسیکو کے صدر فلپ کالڈیرون نے مسٹر پاسکوال پر لاعلم ہونے کا الزام لگایا تھا۔
میکسیکو کے صدر نے کہا تھا کہ وکی لیکس کی جانب سے امریکی سفارتی دستاویزات کے افشا ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ مسٹر پاسکوال اپنی ذاتی خواہش کی بنا پر مستعفیٰ ہوئے ہیں تا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط رہیں اور صدر فلپ کالڈیرون نے جن معاملات کی جانب اشارہ کیا تھا ان سے پرہیز کیا جا سکے اور دونوں ممالک اپنے باہمی مفادات کی جانب توجہ دے سکیں۔

،تصویر کا ذریعہOther
کیوبن نژاد امریکی کارلوس پاسکوال ایک پیشہ ور سفارت کار ہیں اور وہ ناکام ریاستوں کے موضوع کے ماہر ہیں۔
میکسیکو کی حکومت کو منشیات کی سمگلنگ اور اس میں ملوث گروپوں کے خلاف جنگ میں امریکہ کی حمایت بھی حاصل ہے جو اس جنگ کے لیے ساز و سامان اور تربیت کی مد میں میکسیکو کو ایک ارب ڈالر کی امداد دے رہا ہے۔
منشیات کے گروپوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دو ہزار چھ سے منشیات کے مختلف گروپوں کے درمیان ہونے والے تشدد کے نتیجے میں اب تک چونتیس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔گزشتہ ماہ یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کے امریکہ نے منشیات کے سمگلروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے میکسیکو کی فضائی حدود میں ڈرونز کا بھی استعمال کیا ہے۔



















