’قذافی انتظامیہ دیوار سے لگ گئی ہے‘

کرنل قذافی
،تصویر کا کیپشنمبصرین کے مطابق حالیہ بحران میں ہزاروں کی جان جا سکتی ہے
    • مصنف, فرینک گارڈنر
    • عہدہ, بی بی سی کے عالمی سلامتی کے امور کے نامہ نگار
  • وقت اشاعت

لیبیا کے کرنل معمر قذافی اور تیونس اور مصر کے رہنماؤں بن علی اور مبارک کے درمیان حیرت انگیز یکسانیت بھی پائی جاتی ہے اور فرق بھی ہے۔

ان تینوں نے قابل اعتبار انتخابات کے بغیر کئی عشروں تک حکمرانی کی جس سے انہوں نے اور ان کے خاندان والوں نے وسیع دولت کمائی اور تینوں نے ہی اقتدار میں رہنے کے لیے سخت اندرونی سیکیورٹی کے نظام پر انحصار کیا۔

تینوں رہنماؤں نے ہی اپنی اپنی بابائیت کے تصور کو فروغ دیکر خود کو اپنی قوموں کی ہر دم رہنمائی کرنے والے قائدین کے طور پر پیش کیا۔ ایک ایسے چرواہے جیسا تصور جو اپنی بھیڑ بکریوں کے ریوڑ کی دیکھ بھال کرتا ہے۔

لیکن پچھلے ہفتے کرنل قذافی نے اپنے بارے میں اس خود ساختہ تصور کو بدل دیا اور ایک ایسے لیڈر کے طور پر سامنے آئے جو اقتدار میں رہنے کے لیے بظاہر کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

بارسلونا کے بین الاقوامی امور کے ادارے سے وابستہ محقق فرانسس جی لیس کا کہنا ہے کہ اگر قذافی زندہ رہے تو وہ بیس تیس ہزار لوگوں کو مار دیں گے اور اس پر ان کا ضمیر ملامت بھی نہیں کرے گا۔ ان کے بقول مغرب میں یہ جو خیال پایا جاتا ہے کہ کرنل قذافی نے یورپ کے ساتھ تعلقات بہتر بناکر اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری کا ارادہ ترک کرکے اپنا نقش قدم بدل لیا تھا، یہ مغربی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی بھول ہے۔

قذافی کی حکومت کے ساتھ مصالحت اور سمجھوتے کی پالیسی یقیناً اب مفقود ہوچکی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ان کے، ان کے خاندان والوں اور ان قریبی ساتھیوں کے لیے جنہیں عربی میں اہل حرم کہتے ہیں، نکلنے کا کوئی واضح راستہ نہیں ہے نہ حزب اختلاف کی ایسی کوئی منظم جماعت ہے جس سے وہ بات کرسکیں اور نہ ہی کوئی بین الاقوامی جائے پناہ ہے۔ لگتا ہے کہ قذافی انتظامیہ دیوار سے لگ گئی ہے۔