دلوں میں امن بسادے ، پوپ بینڈیکٹ

وقت اشاعت

روم میں سینٹ پیٹر گرجا گھر میں کرسمس کی دعائیہ تقریب میں پوپ بینڈیکٹ نے دعا مانگی کہ ہمارے دلوں میں امن بسادے اورمظلوں پر چلنے والی ظالم کی لاٹھی کو توڑ ڈال۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔گزشتہ برس ایسی ہی تقریب کے موقع پر ایک خاتون پوپ پر چڑھ دوڑی تھی۔

ادھر غرب اردن میں بیت اللحم میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں مشرق وسطیٰ میں امن کی دعا کروائی گئی۔

روم سے ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس پولیس والے پوپ کو گھیرے میں لیے ہوئے تھے۔ اس تقریب میں تقریباً دس ہزار افراد نے شرکت کی۔

جمعرات کو روم میں دو سفارتخانوں میں پارسل بم موصول ہونے کے بعد سکیورٹی کے خدشات مزید بڑھ گئے تھے۔ پارسل بم حملوں میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کرسمس کے اپنےخطاب میں پوپ کا کہنا تھا کہ ہمیں خدا کا شکر ادا کرنا چا ہیے کہ وہ ایک بچے کی صورت میں خود کو ہمارے سپرد کردیتا ہے تاکہ اپنی محبت اور پیار کو ہمارے دلوں کے اندر بسا دے۔

’ ہم بھی یہ دعا مانگتے ہیں کہ اے خدا اپنا وعدہ پورا کردے، مظلوں پر چلنے والی جابرانہ لاٹھی توڑ ڈال، بوٹوں کو آوازوں کو بھسم کردے اور خونریزی کا خاتمہ کردے۔ اے خدا بہن بھائیوں کی طرح زندگی بسر کرنے میں ہماری مدد فرما، ایک ایسے خاندان کی طرح جو تیرا ہو جیسا تو پسند کرتا ہے۔‘

اس سے پہلے پوپ نے تاریخی گرجا گھر میں شمعیں روشن کرکے حضرت عیسیٰ کی پیدائش کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔

ادھر غرب اردن میں بیت اللحم میں بھی ہزاروں افراد جمع ہوئے۔ مسیح فرقے کے عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ کی یہاں پیدائش اسی مقام پر ہوئی تھی۔ یہاں تقریب میں کیتھولک چرچ کے اعلیٰ نمائندے نے خطے میں امن کی قائم کرنے کی روائیتی اپیل کی۔ انھوں کہا ’ کاش کرسمس کے اس موسم میں ہتھیاروں کی گھن گرج چرچ کی پر امن گھنٹیوں کی آوازوں میں دب جائے‘

انھوں نے امید ظاہر کی کہ یروشلم نہ صرف دو قوموں کا دارالحکومت قرار پائے بلکہ دنیا میں تین مختلف مذاہب کے درمیان مذہبی رواداری کا ایک ماڈل بن کر ابھرے۔

توقع ہے کہ کرسمس کے موقع پر کوئی نوے ہزار سیاح بیت اللحم آئیں گے۔ اسرائیلی حکومت کے مطابق گزشتہ برس یہ تعداد ستر ہزار کے لگ بھگ تھی۔