خدا ہمیں اکثر حیران کر دیتا ہے:پوپ

رومن کیتھولک عیسائیوں کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا پوپ بینیڈکٹ کا کہنا ہے کہ خدا اپنے وعدے پورے تو کرتا ہے لیکن اس کا وعدہ پورے کرنے کا طریقہ بعض اوقات حیران کن ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بات برطانوی عوام کے لیے اپنے کرسمس پیغام میں کہی۔
پوپ کا کہنا تھا کہ ’بیت اللحم میں پیدا ہونے والا بچہ (حضرت عیسٰی) اپنے ساتھ آزادی لایا تھا لیکن اس کا ذریعہ سیاسی یا عسکری نہیں تھا‘۔
اپنے پیغام میں پوپ نے اپنے دورۂ برطانیہ کو خوش کن قرار دیتے ہوئے کہاں کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے شاندار سامعین کو دوبارہ مبارکباد دے رہے ہیں۔ پوپ نے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ مجھے آپ کو مبارکباد دینے کا موقع دوبارہ ملا ہے‘۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پوپ نے ان ممالک میں سے کسی کے عوام کے لیے کرسمس پیغام بھیجا ہے جس کا دورہ انہوں نے اسی سال کے دوران کیا ہو۔
پوپ کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خیالات میں تاریخ کا وہ وقت یاد آتا ہے جب بنی اسرائیل ایسے مسیحا کے انتظار میں تھے جسے وہ بڑا رہنما سمجھتے تھے اور جو انہیں آزادی دلائے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ ’لیکن وہ بچہ کو بیت اللحم میں پیدا ہوا وہ اس وقت ساری دنیا کے انسانوں کا مسیحا ثابت ہوا جب اس نے صلیب پر موت کو گلے لگا کر خود موت کو ہی تباہ کر دیا‘۔

پوپ بینیڈکٹ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگی کے اندھیروں کو مٹانے کے لیے مسیح سے مدد مانگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں مہربانیوں کے لیے خدا کا شکرگزار ہونا چاہیے کیونکہ وہ ہمیں امید دیتا ہے اور وہ ہمیں زندگی بخشتا ہے‘۔
پوپ کے اس پیغام کے نشر کرنے کے حوالے سے بی بی سی اور ویٹیکن میں کئی ماہ تک مذاکرات ہوئے تھے۔ بی بی سی ریڈیو فور کی کنٹرولرگوینتھ ولیمز کے مطابق وہ بہت خوش ہیں کہ پوپ ریڈیو فور کے سامعین کو اپنا کرسمس پیغام پہنچا رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کیتھولک اخبار ’ڈی ٹیبلٹ‘ کی مدیر کیتھرین پیپنسٹر نے اس پیغام کے نشر کیے جانے کو خلافِ معمول قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق ’ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ کسی پوپ نے ریڈیو کے لیے پیغام دیا ہو اور وہ بھی کسی غیرملک میں اور ایسی زبان میں جو ان کی اپنی نہیں۔ اس لحاظ سے اس پیغام کی مثال نہیں ملتی۔ میں بی بی سی کی اس کاوش سے بہت متاثر ہوئی ہوں‘۔
تاہم برطانیہ کی قومی سیکولر سوسائٹی نے پوپ کا پیغام نشر کرنے کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔ جماعت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھ وڈ کا کہنا ہے کہ ’ مجھے پیغام کے متن سے کوئی غرض نہیں جو کہ ایک مذہبی پیغام تھا لیکن بی بی سی نے پوپ کو پیغام نشر کرنے کی دعوت دے کر غلطی کی ہے‘۔



















