افغانستان: تین نیٹو فوجی ہلاک

نیٹو فوجی
،تصویر کا کیپشناس سال افغانستان میں 582 غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں
وقت اشاعت

مغربی افغانستان میں ایک بم دھماکے میں تین نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔افغانستان میں گزشتہ دو روز میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔

افغانستان میں نیٹو کی سربراہی والی بین الاقوامی فوج یعنی ’ایساف‘ کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب دیسی نوعیت کا ایک بم کا دھماکہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کے بارے میں ابھی کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

اس ماہ افغانستان میں نیٹو کے کم سے کم تیس فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حملہ سے ایک روز پہلے بھی جنوبی اور مشرقی افغانستان کے مختلف علاقوں میں حملوں میں نیٹو کے چھ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

افغانستان میں 2001 سے ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد اب دو ہزار سے زیادہ ہے جس میں اس سال مرنے والوں کی تعداد 584 ہو گئی ہے۔

افغانستان میں نیٹو اور امریکی فوجیوں کے خلاف طالبان زیادہ تر دیسی ساخت کے بم یعنی’اِمپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس‘ استعمال کرتے ہیں۔

ادھر جمعرات کو نیٹو کے خارجہ اور دفاعی امور کے وزراء کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں اگلے عشرے کے لیے نیٹو کی سوچ ظاہر کی جائے گی۔

یہ اجلاس برسلز میں نیٹو کے مرکز میں ہو رہا ہے اور اس میں جاری کیے جانے والے ’مِشن سٹیٹمنٹ‘ یعنی بیان کردہ مقاصد کی اگلے ماہ پرتگال کے دار الحکومت لسبن میں نیٹو رہنما توثیق کریں گے۔