’چینی نژاد امریکی شہری کوآٹھ سال قید‘

چین میں ایک عدالت نے چینی نژاد امریکی شہری کو قومی راز چرانے کے جرم میں آٹھ سال قید کی سزا سنائی ہے۔
چوالیس سالہ یوفنگ نامی ماہر ارضیات کو دو ہزار سات میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایک امریکی تیل کمپنی کو تیل کی صنعت کی معلومات بیچنے کے حوالے سے بات چیت کر رہے تھے۔
یوفنگ پر الزام ہے کہ وہ چین میں تیل کے سب سے بڑے قومی ادارے کی معلومات جو عام دستیاب ہیں ان کی فروخت کے لیے امریکی کے مشاورتی ادارے آئی ایچ ایس سے بات چیت کر رہے تھے۔
یوفنگ کا کہنا ہے کہ چین کی تیل کی صعنت کے حوالے سے جو معلومات امریکی کمپنی کو فروخت کر رہے تھے وہ عام دستیاب ہیں۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ تفتیش کے دوران اہلکاروں نے ان کے بازوں سگریٹ سے جلا دیے اور ان کے سر پر ایش ٹرے مارا گیا۔
یوفنگ کے وکیل کا کہنا ہے کہ چین کی عدالت نے ان کے موکل کو ایک بہت بڑی سزا دی ہے۔ انھیں تیس ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
بیجنگ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یوفنگ کی سزا کے بعد چین میں غیر ملکی تاجروں کو چین کے قومی اداروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
چین میں امریکی سفارت خانے نے یوفنگ کی سزا پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سزا کو ایک خوفزدہ کرنے والا اقدام قرار دیا گیا ہے۔ سفارت خانے کے مطابق یوفنگ کو انسانی ہمدردی کے ناتے فوری طور پر رہا کر کے ملک بدر کیا جائے۔
چین میں رواں سال کے آغاز پر حکومت نے قواعد و ضوابط کے حوالے سے ایک ڈرافٹ جاری کیا تھا جس کے مطابق سرکاری اداروں کے پاس کاروباری معلومات قومی راز ہیں۔
چین میں یوفنگ کے علاوہ تین چینی شہریوں کو بھی غیر قانونی طور پر معلومات بیرون ملک فراہم کرنے کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔
قانونی ماہرین نے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ چین میں عدالتیں اہم حساس مقدمات کی سماعت کے دوران قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کرتی ہیں۔



















