شانزے لیزے زرعی فارم میں تبدیل
فرانس میں کاشت کاروں نے اپنے معاشی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے دارالحکومت پیرس کی ایک مشہور مرکزی شاہراہ شانزے لیزے کے راستوں کو زمین اور پودوں کی مدد سے ایک وسیع سبز میدان میں تبدیل کر دیا ہے۔

فرانس کے پینتیس سال سے کم عمر کے کاشت کاروں نے ملک میں زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے در پیش معاشی مسائل کو ُاجاگر کرنے کے لیے یہ منفرد طریقہ استعمال کیا ہے۔
پیرس کی مرکزی شاہراہ شانزے لیزے کو ایک لمبی سبز پٹی میں تبدیل کرنے کے لیے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو کاشت کار گاڑیوں میں درخت، پودے اور پھول رکھ کر لائے۔
ایک رات کے اندر زمین کے آٹھ ہزار پلاٹ پیرس کی مرکزی شاہراہ پر پہنچائے گئے جس کی وجہ سے شانزے لیزے شاہراہ ایک سبز میدان میں تبدیل ہو گئی ہے۔
شاہراہ پر ڈیڑھ لاکھ پودے جن میں چھ سو پچاس بڑے درخت بھی شامل ہیں کو رکھا گیا ہے۔
توقع ہے کہ کاشت کاروں کی جانب سے بنائی گئی اس طویل سبز پٹی کو دیکھنے کے لیے آئندہ دو روز میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ آئیں گے۔
اس منصوبے پر پانچ اعشاریہ تین ملین امریکی ڈالر لاگت آئی ہے اور اس کا انعقاد فرانس کے جوان کاشت کاروں کی تنظم جیونز ایگریکلچر یونین نے کیا ہے۔
یہ یونین فرانس میں پینتیس سال سے کم عمر کے پچپن ہزار کاشت کاروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس پرگرام کے انعقاد کا مقصد حکومت اور عوام کو متاثر کرنا ہے کہ زرعی مصنوعات کے میز تک پہنچنے سے پہلے ان کے لیے کتنی محنت درکار ہوتی ہے۔
یونین کے صدر ویلیم ویلینیو کا کہنا ہے ’ اس کا مقصد عوام سے اپنے رابطے کو دوبارہ بحال کرنا ہے تاکہ ہم انھیں بتایا سکیں کہ ہمارا پیشہ کیا ہے اور وہ ہمارے سے کیا چاہتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا کہ ’ کیا وہ دنیا میں سب سے سستی مصنوعات چاہتے ہیں یا وہ ایسی مصنوعات چاہتے ہیں جو کاشت کاروں کی آمدن کا سبب بنیں۔‘
ایک کسان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں وسائل اور تخلیق کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کا مظاہرہ صرف فرانس میں ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سبز میدان میں فرانس میں بھیٹر کی افزائش سے لے کر فصلوں کی کاشت تک کو دیکھایا جائے گا۔ کاشت کاروں کے سجائے گئے سرسبز میدان سے لوگ اپنے گھر میں باغ بنانے کے لیے زمین کے ٹکڑے خرید بھی سکیں گے۔



















