امریکی سپریم کورٹ کے معمر ترین جج ریٹائر
امریکی عدالتِ عظمٰی کے معمر ترین رکن جسٹس جان پال سٹیونز نے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ میں سپریم کورٹ کے جج کا عہدہ تاحیات ہوتا ہے اور صرف امریکی صدر کو ہی انہیں نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ تاہم سینیٹ سے ان نامزدگیوں کی تصدیق بھی ضروری ہے۔
نوّے سالہ جسٹس سٹیونز کو سنہ 1975 میں اس وقت کے امریکی صدر جیرالڈ فورڈ نے جسٹس ولیم ڈگلس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کا جج نامزد کیا تھا۔
جسٹس سٹیونز امریکی سپریم کورٹ کے ایسے ججوں میں سے ہیں جنہیں لبرل تصور کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں موسمِ گرما میں جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں جب سپریم کورٹ موسمِ گرما کے لیے اپنا کام مکمل کر لے گی تو وہ یہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔
واشنگٹن میں بی بی سی کے سٹیو کنگسٹن کا کہنا ہے کہ جسٹس جان پال سٹیونز کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا اعلان غیر متوقع چیز نہیں ہے۔
امریکی سپریم کورٹ کے سربراہ جسٹس جان رابرٹس نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ جسٹس سٹیونز نے امریکی عوام سے عزت کمائی ہے اور لوگ انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جسٹس سٹیونز نے عدالت میں ہر کسی کی زندگی کو اپنی ذہانت، آزادی اور وقار سے منور کیا ہے‘۔
تجزیہ کاروں کے خیال میں جسٹس سٹیونز کے چلے جانے سے امریکی عدالتِ عظمٰی کی قدامت پسند اور لبرل تقسیم پر فرق نہیں پرے گا کیونکہ امریکی صدر براک اوباما یقینی طور پر ایک لبرل نظریات کے حامل شخص کو ہی سپریم کورٹ کا جج مقرر کریں گے۔
یہ دوسرا موقع ہو گا جب براک اوباما اس قسم کی کوئی نامزدگی کریں گے۔ گزشتہ برس انہوں نے ریٹائر ہونے والے جج جسٹس ڈیوڈ ساؤٹر کی جگہ سونیا سوتو میئر کو جج مقرر کیا تھا۔.
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















