سابق طالبان رہنماؤں پر عائد پابندیاں ختم

- مصنف, جاوید سومرو
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، واشنگٹن
- وقت اشاعت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک کمیٹی نے سابق افغان وزیر خارجہ وکیل احمد متوکل سمیت پانچ سابق افغان طالبان اہلکاروں پر عائد پاپندیاں اٹھا لی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سفارتکاروں کے مطابق اس اقدام کا مقصد ان طالبان کے ساتھ امن مزاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے جو شدت پسندی کا راستہ ترک کرنے کے لئے تیار ہیں۔
سلامتی کونسل میں اس اقدام کے سلسلے میں تجویز امریکہ نے پیش کی جبکہ روس نے اس اپنے واعدہ کے مطابق اس میں رکاوٹ پیدہ نہیں کی۔
مبصرین کا خیال ہے کہ روس کے رویے میں یہ ایک بڑی تبدیلی ہے کیونکہ اس سے قبل برسوں تک روس امریکہ اور یورپی یونین کے ان درخواستوں کو مسترد کرتا رہا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ان سابق طالبان کے خلاف پابندیاں ختم کی جائیں جو صدر حامد کرزئی کی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔
دس برس قبل جب سے طالبان کے خلاف پابندیاں عائد کی گئی ہیں اس وقت سے لے کر اب تک ایک بھی طالبان اہلکار کے خلاف پابندیاں نہیں اٹھائی گئی تھیں۔
حال میں افغانستان اور اس کے اقوام متحدہ کے سفیر نے سلامتی کونسل سے اپیل کی تھی کہ ان طالبان کے خلاف پابندیاں اٹھائی جائیں جو تشدد کا راستہ ترک کرکے پر امن بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔
طالبان اور القاعدہ کے خلاف پابندیوں کی نگرانی کرنے والے اہلکار رچرڈ بیرٹ کا کہنا ہے کہ ان سابق طالبان اہلکاروں کے نام پابندیوں کی فہرست سے ہٹانے کا عمل اس وسیع عمل کا حصہ ہے جس کے تحت ہلاک ہوجانے والے شدت پسندوں کے نام فہرست سے ہٹائے جارہے ہیں اور نئے شدت پسندوں کے ناموں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔
بیرٹ کے مطابق ان طالبان پر سے پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد ان کو افغان قومی دھارے میں شریک کرنے اور ان کو مثبت کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔
جن سابق طالبان اہلکاروں پر سے پابندیاں ہٹائی گئی ہیں ان میں طالبان کے وزیر خارجہ وکیل احمد متوکل، ایک اور سابق اہلکار اور اس وقت صوبہ ارزگان کے گورنر عبدالحکیم مونب، فضل محمد فیضان، شمس الصفا امین زئی اور محمد موسیٰ ہوتک شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
طالبان کے خلاف سب سے پہلے انیس سو ننانوے میں اس وقت پابندیاں عائد کی گئی تھیں جب مشرقی افریقہ میں انیس سے اٹھانوے میں دو امریکی سفارتخانوں پر ہونے والے حملوں کے الزام نے امریکہ نے طالبان سے اوسامہ بن لادن کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا اور طالبان نے مطالبہ مسترد کردیا تھا۔
اس وقت سو سے زائد طالبان پر اقتصادی اور سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ لیکن سن دوہزار ایک میں ہونے والے گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد امریکہ نے طالبان اور القائدہ سے تعلق کے شبے میں پانچ سو افراد پر پابندیاں عائد کیں تھی۔
امریکہ کے پالیسی سازوں، فوجی کمانڈروں اور وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے حالیہ مہینوں میں بارہا اس پالیسی کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا حل صرف جنگ سے نہیں نکلے گا اور ایسے طالبان اور دیگر گروپوں سے مذاکرات کرنا انتہائی ضروری ہیں جو تشدد کے بجائے امن اور جمہوریت کے راہ لیتے ہیں۔
پچھلے مہینوں میں یہ خبریں بھی تواتر کے ساتھ آئی ہیں کہ امریکہ اور سابق طالبان کے درمیان ثالثوں کے توسط سے مذاکرات ہوئے ہیں۔
اس تازہ ترین اقدام سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ امریکہ افغانستان کے تصفیے اور وہاں سے اپنی فوجیں نکالنے کے لیے مذاکرات کی راہ پر خاصی تیزی سے گامزن ہونا چاہتا ہے۔



















