برطانیہ میں جعلی شادیوں میں اضافہ

برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق برطانیہ میں رہائش کے لیے جعلی شادیوں یا ’پیپر میرج‘ کا کاروبار ایک بار پھر عروج پکڑ رہا ہے۔
محکمہ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2009 برطانیہ میں رہائش کا قانونی حق حاصل کرنے کی غرض سے کی جانی والی’مشکوک‘ شادیوں میں پچاس فیصد اضافہ دیکھنےمیں آیا ہے۔ان اعداد و شمار کے مطابق 2009 میں مشکوک شادیوں کی تعداد 529 تھی جبکہ 2008 میں ایسی 344 مشکوک شادیاں ہوئی تھیں۔
برطانیہ میں دو ہزار پانچ تک سالانہ ہزاروں جعلی شادیاں ہوتی تھیں جس کی بدولت غیر قانونی تارکین وطن کو برطانیہ میں پاؤں جمانے میں مدد ملتی تھی۔ سن دو ہزار پانچ میں ساڑھے تین ہزار جعلی شادیاں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
دو ہزار پانچ میں برطانوی حکومت نے جعلی شادیوں کے کاروبار کو روکنے کے لیے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے برطانوی شہری کی کسی ایسے غیر ملکی باشندے سے شادی کو وزیر داخلہ سے اجازت سے مشروط کر دیا تھا جس کے پاس برطانیہ میں رہائش کا قانونی حق نہ ہو۔
برطانوی وزارت داخلہ کی طرف سے مشکوک شادیوں کے اعداو شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب برطانوی ہاؤس آف لارڈز نے برطانوی شہریوں کی غیر ملکی باشندوں سے شادی کے قانون کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ ہاؤس آف لارڈ کا موقف ہے کہ یہ قانون برطانوی شہریوں کے بنیادی حقوق کی نفی کرتا ہے۔
انگلینڈ اور ویلز میں میرج رجسٹراروں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ جعلی شادیوں کا کاروبار ایک بار پھر اپنے عروج پر ہے اور اس بار جرائم پیشہ گروہ مشرقی یورپ سے برطانیہ آنے والی خواتین کو استعمال کر رہے ہیں۔ مشرقی یورپ سے برطانیہ منتقل ہونے والی خواتین کو برطانیہ میں رہائش کا حق حاصل ہے۔
قانون میں ترمیم کے بعد مشکوک شادیوں کا کاروبار تھم گیا تھا اور چند ماہ میں مشکوک شادیوں کی تعداد ہزاروں سے گھٹ کر سینکڑوں تک پہنچ گئی تھی۔
انگلینڈ اور ویلز میں رجسٹراروں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ایسے ایسے جوڑے شادی رجسٹر کرانے آتے ہیں جو شاید ایک دوسرے کو پہچانتے بھی نہیں اور نہ ہی ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رجسٹراروں کے مطابق اس بار پاکستانی اور پرتگالی شہریوں کے مابین پیپر میرج کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک رجسٹرار نے بی بی سی کو بتایا کہ’اگر ایک ہفتے میں ایک پاکستانی پرتگالی شادی ہو تو ٹھیک ہے لیکن اگر ہفتے میں تین تین جوڑے آپ کے پاس آئیں تو پھر معاملات مشکوک ہو جاتے ہیں۔‘
امیگریشن کے وزیر فل وولس کا کہنا ہے کہ ہاؤس آف لارڈز کا فیصلہ قابل افسوس ہے لیکن موجودہ قوانین کے مطابق کوئی غیر ملکی برطانوی شہری سے شادی کرکے برطانیہ میں رہائش کا حقدار نہیں ہو جاتا بلکہ اسے مزید کئی شرائط پوری کرنی ہوتی ہیں۔
ہاؤس آف لارڈز کی طرف سے قانون کو کالعدم قرار دیئے جانےکے بعد حکومت غیر قانونی تارکین وطن کی برطانوی شہریوں سے شادی روکنے کا نیا قانون متعارف کرانے کا سوچ رہی ہے۔



















