اکمل شیخ کو زہریلا انجیکشن دے دیا گیا

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشناکمل شیخ پہلے یورپی شہری ہیں جنہیں چین میں گزشتہ پچاس برس میں موت کی سزا دی گئی ہے
وقت اشاعت

برطانوی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ چین میں ایک برطانوی شہری اکمل شیخ کو منشیات کے مقدمے میں موت کی سزا دے دی گئی ہے۔

برطانیہ کے شہر لندن سے تعلق رکھنے والے پانچ بچوں کے باپ ترپن سالہ اکمل شیخ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں جبکہ ان کے اہلخانہ کے مطابق ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔

برطانوی حکومت اور اکمل شیخ کے اہلخانہ کی جانب سے رحم کی متعدد اپیلوں کے باوجود ان کی سنرا پر عملدرآمد کیا گیا۔

برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب اکمل شیخ کے اہلخانہ نے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی۔اکمل شیخ پہلے یورپی شہری ہیں جنہیں چین میں گزشتہ پچاس برس میں موت کی سزا دی گئی ہے۔

برطانوی سفارتی ذرائح کے مطابق اکمل شیخ کو موت کی سزا زہریلے انجیکشن کے ذریعے دی گئی۔ ان کی لاش کو برطانیہ نہیں لایا جائے گا لیکن ایک مسلمان ہونے کے ناطے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ان کی تدفین کر دی جائے گی۔

اکمل شیخ کے اہلخانہ کے مطابق انہیں سنہ دو ہزار سات میں چین کے شہر ارمچی سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کے سامان سے چار کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان آئیوان لوئیس نے اکمل شیخ کی سزا پر عملدرآمد رکوانے کے لیے چین کے سفیر کے ساتھ پیر کے روز لندن میں ملاقات کی تھی۔آئیوان لوئیس نے بتایا کہ حکومت نے اس سلسلے میں گزشتہ دو سال کے درمیان ستائیس بار چین کے ساتھ مذاکرات کیے اور ان کا خیال ہے کہ حکومت نے اس مقدمے میں جہاں تک ممکن ہو سکا کوشش کی۔

برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے ایک بیان میں کہا ’ وہ اکمل شیخ کی پھانسی کی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور انھیں اس بات پر مایوسی ہوئی کہ انہیں( اکمل شیخ) معافی نہیں دی گئی۔‘

برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے بھی اکمل شیخ کی پھانسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا برطانیہ تمام حالات میں پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کی مخالفت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکمل شیخ کے مقدمے میں ان کی ذہنی حالت کو بھی مدِ نظر نہیں رکھاگیا۔