افغانستان: امریکی فوجی کی ویڈیو

امریکی فوجی کی ویڈیو تصویر
،تصویر کا کیپشنامریکی فوجی بو وی رابرٹ برگڈل کی ویڈیو تصویر
وقت اشاعت

طالبان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جو مبینہ طور پر افغانستان میں چھ ماہ قبل پکڑے جانے والے ایک امریکی فوجی بووی رابرٹ برگڈل کی بتائی جاتی ہے۔

ابھی اس ویڈیو کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم اس ایک نوجوان کو دکھایا گیا ہے جو امریکی فوجیوں جیسی وردی اور ہلمٹ پہنے ہوئے ہے۔

تئیس سالہ بووی رابرٹ برگڈل افعانستان میں امریکی فوج میں فضائی توپچی تھا اور اسے تیس جون کو افغانستان کے صوبہ پکتیہ سے پکڑا گیا تھا۔ اور طالبان نے اس کی ایک ویڈیو چند ہفتے قبل بھی جاری کی تھی۔

ویڈیو میں صحت مند دکھائی دینے والا آدمی خود کی بووی رابرٹ برگڈل سے ملتی جلتی تفصیلات بیان کر رہا ہے جو اس کے عہدے، مقام اور تاریخ پیدائش اور تقرر کے بارے میں ہیں۔

اس کے علاوہ ویڈیو میں دکھایا جانے والا آدمی کہہ رہا ہے کہ ’اگر امریکی عوام اس حماقت کو بند کرانے کے لیے اٹھ کھڑے نہ ہوئے تو یہ ایک اور ویتنام کی جنگ بن جائے گی‘۔

فوری طور پر افغانستان میں امریکی یا نیٹو افواج نے اس ویڈیو پر کوئی تبصرے نہیں کیا۔

تاہم پینٹاگون نے کہا ہے کہ بووی رابرٹ برگڈل مشرقی افغانستان کے صوبہ پکتیہ میں متعین الاسکا سے تعلق رکھنے والی انفنٹری سے ریجنٹ سے متعلق تھا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ افغانستان پہنچنے کے پانچ ماہ بعد ہی اپنے اڈے سے لاپتہ ہو گیا تھا۔

امریکی وزیرِ خارجہ مسز ہیلری کلنٹن نے جولائی میں بووی رابرٹ برگڈل کے پکڑے جانے کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ فوج ان کی بازیابی اور تلاش کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ان کی محفوظ بازیابی پر انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔