چور پکڑنے کے لیے جونک کا استعمال

وقت اشاعت
آسٹریلیا میں پولیس نے ایک مجرم کی شناخت کے لیے ایک جونک سے حاصل شدہ خون کے نمونے کا استعمال کیا ہے۔
ممکنہ طور پر فورینزک سائنس میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق تسمانیہ میں آٹھ برس قبل ایک چوروں کے گروہ نے ایک اکہتر سالہ خاتون کے گھر چوری کی تھی۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک جونک بھی ملی تھی جس سے خون کا نمونہ حاصل کر کے اس کا ڈی این اے پروفائل تیار کیا گیا۔
سنہ 2008 میں جب پیٹر ایلک کینن نامی شخص پر منشیات سے متعلقہ ایک الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی اور اس سلسلے میں اس کا ڈی این اے لیا گیا تو یہ ڈی این اے اس نمونے سے مل گیا جو کہ جونک سے حاصل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں تفتیش کے دوران کینن نے اس چوری کا اعتراف بھی کر لیا۔.
خیال کیا جا رہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں کسی مقدمے کی تفتیش کے لیے جونک کا استعمال پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔















