کیری لوگر بِل: امکانات کیا ہیں

    • مصنف, جاوید سومرو
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام واشنگٹن
  • وقت اشاعت

پاکستان کو امداد دینے کے امریکی کیری لوگر بل پر پاکستان میں شدید تنازع کے بعد امریکی انتظامیہ اور کانگریس اپنے اگلے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔ بل پر پاکستان میں تنازع نے امریکی حکام کو مخمصے میں ڈال دیا ہے اور وہ اپنے اگلے لاحئہ عمل پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اس صورت میں کہ اگر پاکستان کی فوج شدت پسندی کے خلاف لڑائی جاری رکھنے سے انکار کرتی ہے یا اس شدت کے ساتھ جاری نہیں رکھتی جس کی اس سے توقع ہے تو اس صورت میں امریکہ کے پاس کیا راستے موجود ہوسکتے ہیں۔

قانونی اعتبار سے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے بل کی منظوری کے بعد امریکی صدر کو دس روز میں بل پر دستخط کرکے اسے قانون بنانا ہوتا ہے لیکن اگر صدر اس کو ویٹو کرنے کا اختیار استعمال کریں گے تو اس پر دستخط کرنے سے انکار کریں گے اور اپنی وجوہات بیان کرکے اسے کانگریس کے اس ایوان میں واپس بھیجیں گے جس میں اس کو سب سے پہلے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس صورت میں کانگریس اگر صدر کے ویٹو کو رد کرنا چاہے گی تو اس کے دونوں ایوانوں میں بل کو دوتہائی اکثریت سے دوبارو منظور کرنا ہوگا جو تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔

لیکن اگر صدر بل پر نہ دستخط کریں اور نہ ہی اسے ویٹو کریں کو اس صورت میں دو چیزیں ہو سکتی ہیں۔

اگر مقررہ دس دن کے بعد بھی کانگریس کا اجلاس جاری ہے اور صدر نے بل کو ویٹو نہیں کیا تو پھر بل خود بہ خود قانون بن جائے گا۔ لیکن اگر کانگریس کا اجلاس ختم ہوجاتا ہے تو پھر بغیرصدارتی ویٹو کے بھی، بل قانون نہیں بن سکے گا اور اسے دوبارہ کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔

امریکی صدر کے پاس فیصلہ کرنے کے لئے ابھی چند دن باقی ہیں لیکن انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابھی وہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اپنے اعلیٰ مشیروں اور جنرلوں سے مشاورت کر رہے ہیں لیکن ایک بات سامنے آرہی ہے کہ انتظامیہ اس بل کی زبان یا شرائط میں کسی قسم کی تبدیلی کرنے کے حق میں نہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کا خیال ہے کہ اس نے بڑی مشکل اور تگ و دو کے بعد اس بل کو منظور کرایا ہے اور اس میں تبدیلیوں سے معاملات پھر الجھ جائیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ انتظامیہ ایک اور تجویز پر بھی غور کر رہی ہے جس کو نام دیا گیا ہے ’پہلے پاکستان‘۔

اس تجویز کے مطابق افغانستان میں فوج بڑھانے کے بجائے پاکستان کے علاقوں میں کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی اور فضائی حملوں کے ذریعے القاعدہ اور طالبان کی قیادت کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ، بقول امریکہ کے، افغانستان کے شدت پسندوں کی رسد کو ختم کیاجا سکے۔

تجویز کے مطابق پاکستان میں طالبان اور القاعدہ کو نقصان پہنچانے کے بعد، افغانستان میں فوج بڑھائی جائے گی تو اس کا فائدہ ہوگا۔

لیکن اس تجویز پر عملدرآمد کا مقصد ہوگا پاکستان کی فوج اور امریکہ کے درمیان براہ راست کشیدگی اور اس طرح کی ممکنہ کشیدگی کو شروع کرنے سے پہلے صدر اوباما کو اس کے تمام نتائج پر غور کرنا ہوگا۔ وائٹ ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اس طرح کا محاذ کھولنے کے حق میں نہیں۔