سعودی عرب میں جدید ترین یونیورسٹی

کے اے یو ایس ٹی
،تصویر کا کیپشنیونیورسٹی کے قیام پر اربوں ڈالر کے اخراجات آئے ہیں۔
وقت اشاعت

سائنس اور ٹیکنالوجی کے عالمی معیار کو حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب میں اربوں ڈالر کے اخراجات سے ایک یونیورسٹی کا آغاز ہوا ہے۔

جدہ کے قریب بنائی جانے والی اس کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی ( کے اے یو ایس ٹی) دنیا کے جدید ترین کمپیوٹروں سے آرستہ ہے۔

سعودی حکام کو توقع ہے کہ مخلوط ذریعۂ تعلیم کی حامل اس درسگاہ کے قیام سے سلطنت کے انتہائی روایتی معاشرے کو جدید بنانے میں مدد ملے گی۔

یونیورسٹی سعودی عرب کی مذہبی پولیس کی دسترس سے باہر ہو گی اور خواتین کو مردوں سے آزادانہ بات چیت اور اپنی گاڑیاں خود چلانے کی اجازت ہو گی۔

اس کے علاوہ مخلوط کلاسوں میں خواتین پر حجاب لینے کی پابندی بھی نہیں ہو گی۔

یہ باقی ملک میں رائج طریقوں سے بالکل الٹ ہوگا، جہاں اسلام کے وہابی فقہ کے ماننے والے کی اکثریت ہے اور عورتوں کو سختی سے علیحدہ رکھاجاتا ہے۔

یونیورسٹی کے نئے صدر پروفیسر چون فونگ شیہ یونیورسٹی کے قیام کو ایک ایسا موقع قرار دیتے ہیں جو کئی کئی نسلوں کے بعد میسر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنے ماہرینِ تعلیم کو جدید تعلیم کے فروغ کی مکمل آزادی دیں گے۔ ہم مردوں اور عورتوں کو ایک ساتھ کام کرنے کے لیے فنڈز فراہم کریں گے، ہم انہیں ایسے بڑے تصورات پر کام کرنے کا موقع دیں گے جن کے وسیع تر اثرات مرتب ہوں گے‘۔

ماضی میں جدید تعلیمی اداروں کے قیام کی کوششوں کو سعودی عرب میں ملی جلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

کچھ سعودیوں کو یونیورسٹی کے قیام پر تشویش ہے اور ان کا خیال ہے کہ یونیورسٹی ایک ایسا عالمی بلبلہ ثابت ہو گی جو پورے ملک سے ہٹ کر ایک اور ہی جہت میں کام کرے گی۔