صدر قذافی کا جنرل اسمبلی سے خطاب

صدر قذافی اپنے اقتدار کے چالیس سال میں پہلی بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے
،تصویر کا کیپشنصدر قذافی اپنے اقتدار کے چالیس سال میں پہلی بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے
    • مصنف, حسن مجتبیٰ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیویارک
  • وقت اشاعت

لیبیا کے صدر معمر قذافی نے کہا ہے کہ کشمیر ایک آزاد ریاست ہونی چاہیے اور اس سے بھارت اور پاکستان کو اپنے اختلافات حل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے ہاتھ میں اقوام متحدہ کی چارٹر کے کتاب اپنی پوڈیئم سے اٹھا پھینکی۔ انہوں نے جہاں القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو دہشت‍گرد کہا وہاں افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکی فوجی مہم پر بھی تنقید کی۔

لیبیا کے صدر معمر قذافی اپنے اقتدار کے چالیس سال میں پہلی بار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ بھی پہلی بار ہے کہ صدر قذافی پہلی بار امریکہ اور پہلی بار نیویارک آئے ہیں۔

یہ بھی پہلی بار تھا کہ امریکہ کا صدر اور لیبیا کے صدر معمر قذافی اقوام متحدہ میں ایک جگہ پر اکٹھے ہوئے۔ صدر معمر قذافی کا جنرل اسمبلی میں خطاب صدر براک اوباما کی تقریر کے بعد تھا اور ڈیڑھ گھنٹے سے زائد تک جاری رہا۔ تاہم امریکی صدر براک اوبامہ اپنی تقریر کے اختتام پر جنرل اسبملی سے چلے گئے تھے۔ صدر براک اوباما اقوام متحدہ میں امن فوج مہیا کرنے والے ممالک کے اجلاس کی صدرات کر رہے تھے جس میں صدر آصف زرداری بھی شریک تھے۔

اگرچہ لیبیا کے صدر نے امریکہ کے موجودہ صدر براک اوباما کو ’ہمارا بیٹا‘ قرار دیا اور انکی صدارت تحت موجودہ امریکہ کو بلکل مختلف کہا لیکن انہوں نے امریکہ کی ماضی قریب کی پالیسیوں پر زبرست تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں جن دہشتگردوں نے حملہ کیا ان میں سے ایک بھی افغان نہیں تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بن لادن افغان تھے؟ انہوں نے کہا کہ اسکے باوجود افغانستان پر بم برسائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا نے القاعدہ کے دس دہشتگردوں کو گرفتار کر رکھا ہے تاکہ امریکہ اور دنیا محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اپنے ملک کو محفوظ بنانے کے لیے ان کی کوششوں پر الزام نہیں دنیا چاہیے لیکن جو طیارے نیویارک پر حملہ کرنے اڑے تھے وہ افغانستان سے نہیں امریکہ کے اندر سے آئے تھے۔

انہوں نے عراق میں امریکی مداخلت اور اسکے سابق صدر صدام حسین کو پھانسی کی سزا پر سخت تنقیدکرتے ہوئے اقوام متحدہ کو بھی بے عمل قرار دیا۔

صدر قذاقی نے اقوام متحدہ ، جنرل اسبملی، اور سلامتی کونسل کو ہائيڈ پارک کے اسپیکر کارنر سے تعبیر کیا، جہاں لوگ آ کر تقریریں کرتے ہیں، جن کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

انہوں نے امریکہ کے مقتول صدر جان ایف کینیڈی، کانگو کے مقتول صدر پیٹرس لوممبا کو افریقہ کا ہیرو قرارد دیتے ہوئے انکے قتل، مارٹن لوتھر کنگ سے لے کر فلسطینی ابوجہاد اور دیگر فلسیطنیوں کے قتل کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا کیونکہ بقول انکے کہ ان تمام کا تعلق اقوام متحدہ کے خودمختار رکن ممالک سے تھا۔

لیبیا کے صدر ہاتھ میں اقوام متحدہ کے چارٹر کا کتابچہ لیے ہوئے تھے اور اسکی شق بہ شق پڑھتے ہوۓ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے عملی طور پالسیوں اور چارٹر میں فرق پر تنقید کرتے رہے۔ انہوں نے امریکہ پر فلسطینوں کے بجائے اسرائیلی کا طرف دار ہونے الزام لگاتے ہو‏ئے اقوام متحدہ کی چارٹر کی کتاب کو اپنی ڈآئیس سے پھینک دیا۔

انہوں نے امریکہ کے صدر براک اوباما کو اپنا بیٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انکی صدرات میں جو امریکہ دیکھ رہے ہیں وہ ناقابل اعتبار ہے اور انکی خواہش ہے تبدیلی امریکہ میں فقط اس وقت تک ہے جب تک براک اوباما صدر ہیں اور اوباما کے بعد امریکہ پھر واپس اپنی پالیسوں پر آ جائے گا۔

چالیس سال تک لیبیا کے مطلق العنان صدر رہنے والے کرنل معمر قذافی نے کہا کہ انکی خواہش ہے کہ براک اوباما ہمیشہ امریکہ کے صدر رہیں۔

انہوں نے کہا ’شکریہ امریکہ کو کہ اس نے ہمارے بچوں کو پھولوں کے نہیں کلسٹر بموں کے تحفے بھیجے۔‘

انہوں نے امریکی انتظامیہ پر سربراہان مملکت کی سرگرمیاں نیویارک میں مبینہ طور صرف شہر کے مشرقی حصے تک محدود رکھنے والے ویزہ کےاجرا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چین جیسے ممالک کی طرف سے بیجنگ تک محدود ویزے دینے پر تنقید کرتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لیبیا نے ماہ ستمبر سے ایک سال کے لیے جنرل اسبملی کی صدارت سنبھالی تھی جبکہ ستمبر میں ہی امریکہ سلامتي کونسل کا صدر ہے (سلامتی کونسل کی صدارت ایک ماہ کی ہوتی ہے)۔