’فار ایسٹرن اکنامک ریویو‘ بند

’فار ایسٹرن اکنامک رویو‘
،تصویر کا کیپشن’فار ایسٹرن اکنامک رویو‘ انیس سو چھیالیس سے شائع ہو رہا ہے
وقت اشاعت

ایشیا کا معروف جریدہ ’فار ایسٹرن اکنامک رویو‘ اس سال دسمبر میں بند ہو جائے گا۔

انیس سو چھیالیس سے شائع ہونے والا یہ جریدہ ہفت روزے کے طور پر شروع کیا گیا تھا لیکن بعد میں اس کے مالکان ڈاؤ جونز نے اسے ایک ماہنامے میں تبدیل کر دیا تھا۔

ڈاؤ جونز نیوز کارپوریشن کا حصہ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ جریدہ اس لیے بند کرنا پڑ رہا ہے کہ اخبار کی فروخت اور اس کے اشتہارات سے آمدنی میں کمی کی وجہ سے اس کی اشاعت اب مالی طور پر نا ممکن بن چکی ہے۔

اس جریدے کے بند ہونے سے ایشیا میں صحافت کا ایک اہم دور ختم ہو جائے گا۔ ’فار ایسٹرن اکنامک رویو‘ نے اپنا ایک خاص مقام بنالیا تھا اور وہ غیر جانب دار رپورٹنگ اور مضبوط اداریاتی اصولوں سے مشہور تھا۔ اس کی تاریخ میں خطے کی بہت سی آمرانہ حکومتوں نے کبھی نہ کبھی یا تو اس پر پابندی عائد کی یا پھر اس کے صفحات کو کالی سیاہی سے سنسر کیا تھا۔

سنہ نوے کی دہائی تک جریدے کو صحافتی لحاذ سے کافی اعلی مقام حاصل تھا اور ایشیا کے تقریباً ہر ملک میں اس کے رپورٹر موجود تھے۔ تاہم جب ڈاؤ جونز نے اس کا کنٹرول سنبھالا تو اس کمپنی نے کافی حد تک اس جریدے کی شناخت تبدیل کر دی۔ اس کو نہ صرف ماہ نامے میں تبدیل کر دیا گیا بلکہ اس میں ’لائف سٹائل‘ یعنی غیر سنجیدہ مواد کو اس میں شامل کردیا اور سیاست اور اقتصادی امور کے بجائے اس نوعیت کے ’لائٹ‘ موضوعات پر زیادہ زور دینے لگے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق جریدے کی اشاعت بند کر کے وہ اپنی آن لائن سائٹوں کی توسیع کرے گی اور روزنامہ ’دا وال سٹریٹ جرنل‘ کو ایشیا میں مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے گی۔

اس خطے کے کئی اہم صحافیوں نے ’فار ایسٹرن اکنامک ریویو‘ کے لیے اپنے کام سے شہرت حاصل کی۔ ان میں کوریائی جنگ کی رپورٹنگ کرنے والے رچرڈ ہیوز، اور کیمبوڈیا میں خمیر روژ کے رہنما پول پوٹ کا انٹرویو کرنے والے صحافی نیئٹ تھیئر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ افغانستان اور طالبان امور کے ماہر احمد رشید اور واشنگٹن میں اس وقت تعینات پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے بھی ’فار ایسٹرن اکناک ریویو‘ کے لیے کام کیا تھا۔

’فار ایسٹرن اکناک ریویو‘ کے بند ہونے کی خبر سے سے پہلے دنیا بھر میں مشہور جریدہ ’ریڈرز ڈائجسٹ‘ کے دیوالیہ ہونے کا بھی اعلان ہوا تھا۔اپنے عروج پر ’ریڈرز ڈائجسٹ‘ اکیس زبانوں میں شائع ہوتا تھا اور اس کے پچاس گلوبل ایڈیشن نکالے جاتے تھے لیکن حالیہ برسوں میں کئی ممالک میں اسے اپنی آپریشنز بند کرنی پڑی ہیں۔ دیوالیہ پن سے اس کے کئ ایڈیشنوں پر اثر نہیں پڑے گا تاہم یہ اس کے عالمی اثر و رسوخ کا خاتمہ ضرور سمجھا جا سکتاہے۔