برطانوی ٹی وی: اشیاء کی تشہیر کی اجازت

ٹی وی شو
،تصویر کا کیپشنبرانڈز کی تشہیر کی اجازت صرف چند حالات میں دی جائے گی
وقت اشاعت

برطانوی حکومت نے ٹی وی شوز کے دوران مختلف اشیاء کے برانڈز کی تشہیر کی اجازت دے دی ہے جس کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد کمرشل براڈ کاسٹرز کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس اقدام سے براڈکاسٹرز کی آمدنی میں 10 کروڑ پاؤنڈز کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

فی الوقت برطانوی ٹی وی پر شوز کے دوران مختلف اشیاء کی تشہیر پر سخت پابندی ہے۔ وزیر ثقافت بین بریڈ شا اگلے ہفتے رائل ٹیلیویژن سوسائٹی سے خطاب کے دوران یہ پابندی اٹھانے کا اعلان کریں گے تاہم بی بی سی شوز پر یہ پابندی برقرار رہے گی۔

آئی ٹی وی کے ایک ترجمان نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’کمرشل براڈ کاسٹنگ انڈسٹری اس فیصلے پر گرمجوشی کا اظہار کرے گی‘۔ انہوں نے بتایا کہ شوز کے دوران اشیاء کی تشہیر کی مہم آئی ٹی وی نے شروع کی تھی۔

یورپ میں ٹی وی شوز کے دوران اشیاء کی تشہیر کی پہلے ہی سے اجازت ہے تاہم برطانیہ میں اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

تاہم سابق وزیر ثقافت اینڈی برنم کا کہنا ہے کہ شوز کے دوران برانڈز کی تشہیر سے خدشہ ہے کہ کہیں پروگرام کی ایڈیٹوریل آزادی نہ متاثر ہوجائے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ برانڈز کی تشہیر کی اجازت صرف چند حالات میں دی جائے گی۔

یہ پابندی بی بی سی کے پروگراموں اور تمام نیٹ ورکس پر بچوں کے پروگراموں پر برقرار رہے گی۔