امریکہ کی اریٹریا کو دھمکی

اگر اریٹریا نے الشہاب تنظیم کی مدد بند نہ کی تو امریکہ کارروائی کرے گا: ہیلری کلنٹن
،تصویر کا کیپشناگر اریٹریا نے الشہاب تنظیم کی مدد بند نہ کی تو امریکہ کارروائی کرے گا: ہیلری کلنٹن
وقت اشاعت

امریکی وزیر خارجہ نے افریقی ملک اریٹریا کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے صومالیہ میں سرگرم الشباب نامی تنظیم کی مدد بند نہ کی تو امریکہ اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں صومالیہ کے صدر شیخ شریف شیخ احمد کے ساتھ بات چیت کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ صومالیہ کی مخلوط حکومت کی مزید مدد کرے گا۔

اریٹریا نے ہمیشہ الشباب نامی تنظیم کی مدد سے انکار کیا ہے۔ الشباب تنظیم صومالیہ میں اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ صومالیہ کی حکومت کا الزام ہے کہ الشباب القاعدہ کی ایک ذیلی تنظیم ہے اور اس کی مدد کے لیے ساری دنیا سے جہادی صومالیہ پہنچ رہے ہیں۔

صومالیہ کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اریٹریا پر واضح کر رہے ہیں کہ اس کے اقدامات ناقابل برداشت ہیں اور اگر انہوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ہم کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ الشباب صومالیہ میں اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے تاکہ وہاں سے دوسرے ملکوں میں کارروائیاں کی جا سکیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر الشباب تنظیم نے صومالیہ میں محفوظ پناہ گاہیں بنا لیں تو اس سے امریکی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ایک امریکی اہلکار نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکہ صومالیہ کی فوجی سپلائی دوگنی کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔