تھائی لینڈ مظاہرے، ایشیائی کانفرنس منسوخ

تھائی لینڈ میں منعقد کی جانے والی ایشیائی رہنماؤں کی کانفرنس حکومت مخالف مظاہروں کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیست وجاجیوا نے ملک میں ’شدید ایمرجنسی کی صورتحال‘ کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام رہنما بحفاظت اپنے اپنے ملک واپس چلے جائیں۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے کئی رہنماؤں کو علاقے سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکال لیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ اس وقت شدید بحران کا شکار ہے۔ حزب مخالف کا مطالبہ ہے کہ تازہ انتخابات کروائے جائیں۔
بینکاک میں بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن ہیڈ کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کی حکومت نے اس کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات پر کئی ماہ صرف کیے تاہم سکیورٹی انتظامات ناکام ثابت ہوئے کیونکہ چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں مظاہرین پولیس کا ناکہ توڑ کر علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال حکومت کے لیے باعث شرمندگی ہے۔ ان کے مطابق تشویش کی بات یہ ہے کہ آیا تھائی لینڈ کے معاشرے میں سامنے آنے والی تفریق کیا پولیس اور فوج پر بھی اثر انداز ہوگی۔
دو روزہ کانفرنس کا بھرپور آغاز ہفتے کو ہونا تھا تاہم کانفرنس کے آغاز سے قبل سرخ شرٹس میں ملبوس معزول وزیر اعظم تھاکسن شناوترا کے حامیوں نے میڈیا سنٹر پر دھاوا بول دیا۔ یہ سنٹر کانفرنس حال سے ملحقہ تھا۔
بعد میں وزیر اعظم نے ٹی وی پر اپنے خطاب میں کہا: ’حکومت نے یہ کانفرنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں نے آسیان کے رہنماؤں سے مل کر انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے اور وہ اس صورتحال کو سمجھ گئے ہیں‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب حکومت کے حامیوں نے نیلی قمیضیں پہن رکھی تھیں اور یہ لوگ ڈنڈوں بوتلوں سے لیس تھے۔ ایک شخص کے ہاتھوں میں چاقو بھی تھا۔
چین، جاپان اور جنوبی کوریا کو ان فسادات کی وجہ سے سہ فریقی مذاکرات روکنا پڑے۔ اس کے علاوہ چین اور آسیان ممالک کی ایک دیگر کانفرنس بھی منسوخ کردی گئی۔ مظاہرین نے رہنماؤں کو ہوٹل سے باہر نکلنےنہیں دیا۔ اس کانفرنس میں شمالی کوریا کے حال ہی میں طویل رینج والے میزائیل کے تجربے کا معامہ متوقع طور پر زیر بحث آنا تھا۔
آسیان کانفرنس اب کسی اور ملک میں منعقد کی جائے گی۔
موجودہ وزیر اعظم ابھیست نے دسمبر میں عہدہ سنبھالا تھا۔ عدالت کے حکم کے بعد کہ وزیر اعظم تھاکسن کی حکومت غیر قانونی ہے، انہوں نے اتحادی حکومت قائم کی تھی۔ یہ اقدام معزول وزیر اعظم تھاکسن کے مخالفین کے ملک کا ہوائی اڈہ آٹھ روز تک بند رکھنے کے بعد اٹھایا گیا تھا۔ تھاکسن کے اتحادیوں کا الزام ہے کہ ابھیست حکومت فوج کی کٹھ پتلی ہے۔



















